آئی پی ایل کیلئے دورہ پاکستان چھوڑنے والے کیوی کرکٹرز مشکلات کا شکار
لاہور(سپورٹس رپورٹر)انڈین پریمیئر لیگ کیلئے پاکستان کا دورہ چھوڑنے والے نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔نیوزی لینڈ کے کرکٹرز بھارت میں سیزن کے اچھے آغاز کیلئے میچز کے منتظر ہیں۔نیوزی لینڈ کے 9کرکٹرز کے انڈین پریمیئر لیگ میں معاہدے ہیں جبکہ اب تک 4کرکٹرز کو میچز کھیلنے کا موقع ملا ہے۔آئی پی ایل میں ایک ٹیم میچ کیلئے 4غیر ملکی کھلاڑیوں کو پلیئنگ الیون میں شامل کر سکتی ہے، اس لیے نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کو پلیئنگ الیون کا حصہ بننے کیلئے مشکلات کا سامنا ہے۔ کیوی کرکٹرز پانی پلانے کیلئے دوڑتے اور صرف پریکٹس کرتے دکھائی دیتے ہیں۔کین ولیمسن تین میچز میں باہر بیٹھے، دو میچز میں 27رنز بنائے جبکہ فاسٹ بائولر ٹرینٹ بولٹ نے 4میچز میں 5 وکٹیں حاصل کی ہیں، ریچن رویندرا نے 5میچز میں 112رنز سکور کیے ہیں، سب سے مہنگے پلیئر ڈیرل میچل نے 5میچز میں 118رنز بنائے ہیں۔آئی پی ایل میںمچل سینٹنر، ڈیون کانوے، لوکی فرگوسن، گلین فلپس اور میٹ ہنری کو تاحال کوئی میچ نہیں ملا۔