• news

دعا کریں عوام کی خدمت کر سکوں: مریم نواز، طلبہ کیلئے بائیکس کی رجسٹریشن شروع

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی مریم نواز شریف نے عید بے سہارا، بے گھر اور بے نوا، سپیشل بچوں، خواتین اور بزرگوں کے ساتھ منائی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف عید کے روز بے گھر سپیشل بچوں، خواتین اور بزرگوں کے اداروں ’’چمن‘‘، ’’عافیت‘‘ اور ’’دارالفلاح‘‘ میں پہنچ گئیں۔ بزرگ خواتین کو حج پر بھجوانے کے لئے اقدامات کا حکم دیا، سب کو تحائف پیش کئے اور بچوں کو کھلونے، مٹھائیاں دیں۔ مریم نواز شریف نے سپیشل بچوں کے ساتھ مل کر عید کیک بھی کاٹا اور خود انہیں اپنے ہاتھ سے کھلایا۔ مریم نواز شریف کو دیکھ کر ’’چمن‘‘ میں ننھے بچے کھل اٹھے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف ’’چمن‘‘ کے بچوں کے ساتھ گھل مل گئیں اور بچوں کے ساتھ گپ شپ لگائی۔ بچوں سے ان کی تعلیم اور مشاغل کے بارے میں دریافت کیا۔ مریم نواز شریف کے گفٹ پیش کرنے پر بچوں نے شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلی بے سہارا اور بے گھر بزرگوں کیلئے قائم ’’عافیت‘‘ مرکز بھی گئیں۔ مریم نواز شریف نے مریض خاتون کو ساتھ بٹھا لیا اور چوڑیاں بھی پہنائیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کے عید مبارک کہنے پر بزرگ آبدیدہ ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے قائد محمد نواز شریف کی طرف سے بزرگوں کو سلام بھی پیش کیا۔ ایک بزرگ نے کہا کہ عید پر میرے اپنے تو نہ آئے، مریم بیٹی آ گئی، میں بہت خوش ہوں۔ بزرگ خاتون نے کہا کہ بیٹیاں ملتی ہیں تو ٹھنڈ پڑ جاتی ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ میرا وقت آپ کے لئے ہی ہے، دعا کیجیے گا کہ عوام کی خدمت کرسکوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے میر ے والدین کی دعائیں لگی ہیں، ماں باپ کی قدر نہ کرنے والے خسارے میں جاتے ہیں۔ مریم نواز شریف والدہ مرحومہ کا ذکر کرتے ہوئے اداس ہو گئیں۔ وزیراعلی نے دارالفلاح میں مقیم 8 بیوہ خواتین اور ان کے بچوں سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے بعض یتیم اور کمسن بچوں کو پیار کیا اور گلے لگا لیا۔ بچے اور ان کی ماؤں نے وزیراعلی مریم نواز شریف کو دیکھ کر اظہار مسرت کیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کھلونے، مٹھائی اور دیگر تحائف پیش کئے۔ مریم نوازشریف نے حب شاہ نورانی پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مریم نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب بھر میں ہزاروں قیدیوں کی اہل خانہ سے ملاقاتیں ہوئیں۔ قیدیوں کے اہل خانہ اپنے پیاروں سے ملاقات کے دوران مٹھائی اور کھانا بھی لائے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر عید پر قیدیوں کو اہل خانہ سے ملاقات اجازت دی گئی تھی۔ دوسری جانب صوبے بھر کے طلبا و طالبات کیلئے ''چیف منسٹر یوتھ انیشیٹیو'' کے تحت 20ہزار بائیکس کی فراہمی کے پراجیکٹ کا آغاز کردیا گیا۔ طلبہ کوآسان اقساط پر 20ہزار الیکٹرک و پیٹرول بائیکس کی فراہمی کیلئے رجسٹریشن شروع ہوگئی۔ طلبہ کو بلا سود بائیکس کیلئے حکومت پنجاب ایک ارب روپے سبسڈی ادا کرے گی۔ طلبہ کی طرف سے20 ہزار ڈاؤن پیمنٹ بھی حکومت ادا کرے گی۔ طلبہ کو دی جانے والی بائیکس کی ماہانہ اقساط پر مارک اپ بھی حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ طلبا 11676 روپے ماہانہ اور طالبات 7325 روپے آسان ماہانہ اقساط جمع کراسکیں گے۔ بائیکس حاصل کرنے کی درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 29اپریل 2024 ہے۔ طلبہ bikes.punjab.gov.pk پر 29اپریل تک اپلائی کرسکتے ہیں۔ مریم نوازشریف نے علی پور مظفرگڑھ میں شوہر کا بیوی سمیت سات بچوں کے مبینہ قتل کے واقعہ کا نوٹس لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن