• news

اپریل کے بلوں میں بجلی 3.82 روپے یونٹ سستی، وزیر توانائی: وزیراعظم کی توجہ مہنگائی میں کمی پر، وزیر اطلاعات

 اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے ایک بیان میں کہا کہ اپریل کے بجلی کے بلوں میں 3 روپے 82 پیسے فی یونٹ کمی ہوئی، یہ مجموعی کمی ڈالر کے لحاظ سے سہہ ماہی اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹس کی وجہ سے ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کے بلوں پر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 7 روپے 6 پیسہ فی یونٹ سے کم ہو کر 4 روپے 92 پیسے مقرر ہوئی جس سے ایندھن کی قیمت میں 2 روپے 14 پیسے کی کمی ہوئی، پہلے سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ 4 روپے 43 پیسے تھی وہ کم ہوکر 2 روپے 75 پیسے ہو گئی ہے جس سے بجلی کے بلوں میں ایک روپیہ 68 پیسے کی کمی ہوئی۔ وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق گزشتہ ماہ کی نسبت رواں ماہ بجلی کے بلوں میں کمی ہو گی۔ مزید برآں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر بجلی کی قیمتوں میں کمی عوام کے لیے حکومت کی طرف سے خصوصی تحفہ ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی تمام تر توجہ مہنگائی میں کمی پر مرکوز ہے، اپریل کے مہینے میں گزشتہ ماہ کی نسبت 3 روپے 82 پیسے کمی واقع ہوئی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں ڈالر ریٹ پر انحصار ہوتا ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہونے کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سے پہلے کاروباری حضرات اور ایکسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا تھا، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، آج ایکسچینج ریٹ اور روپے کی قدر مستحکم ہے، نگران دور میں بھی روپے کی قدر مستحکم رہی، اگر حالات میں اسی طرح بہتری رہی تو بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی جریدے بھی کہہ رہے ہیں کہ مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے، بلومبرگ نے بھی کہا ہے کہ دو فیصد مہنگائی میں کمی ہوئی ہے جب کہ بلومبرگ نے پیشگوئی کی ہے کہ اگلے سال مہنگائی مزید کم ہوگی، مثبت اشاریے سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی چوری کے خلاف اقدامات اٹھا رہی ہے، بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے گا، حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے بہترین حل سامنے لا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن