• news

میرے پاس اختیار ہوتا تو پرویز الٰہی کو ابھی ریلیف دے دیتا: چودھری سالک

گجرات (نامہ نگار) ق لیگی رہنما وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے ظہور پیلس میں عید کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اختیار میرے پاس ہوتا تو پرو یز الٰہی  کو ابھی ریلیف دے دیتا۔ ان کے وکیل عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں وہیں سے ریلیف ملے گا۔ پی ٹی آئی کے الیکشن نتائج کے کیسز عدالتوں میں ہیں تو پھر احتجاج کیسا۔ ہر سیاسی جماعت کو احتجاج کا بنیادی حق حاصل ہے مگر مقصد تو کم از کم واضح ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت الیکشن میں کیے وعدے اور اپنی 5سالہ مدت پوری کرے گی۔ سیاسی جماعتوں کو اندازہ ہے بہتر کارکردگی نہ دکھائی تو سیاسی کیریئر ختم ہو جائے گا۔ وزیر اعلی پنجاب کیساتھ بہترین کوآرڈینیشن ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے ورلڈ بنک کی شراکت سے 16 اضلاع میں سیوریج پراجیکٹ شروع کرنے کا احسن فیصلہ کیا ہے جس میں ہماری درخواست پر انہوں نے ضلع گجرات کو بھی شامل کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی اہلکاروں کی ہلاکت سے پاک چین تعلقات اور پراجیکٹس کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ اس واقعہ سے ہم 1سال پیچھے چلے گئے ہیں۔  مذہبی امور کی وزارت بڑی ذمہ داری ہے تاہم حج پر رہائش، کھانے اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے وزارت بہتر اقدامات کرے گی۔ حاجیوں کی خدمت کیلئے خود بھی ان کے ساتھ جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو وقتی خوش کرنے کیلئے ماضی میں پٹرول قیمت روک کر قرض لیکر سبسڈی دی گئی۔ 5 سالوں میں سابقہ حکومت نے اتنا قرض لیا جتنا پاکستان بننے تک نہیں لیا گیا۔ گجرات میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے پروٹیکٹر آفس کھولا جارہا ہے جہاں ہر مہینے منسٹری کا عملہ اوورسیز کی شکایات کیلئے آکر بیٹھا کرے گا اور پورٹل کے ذریعے ان کی شکایات کا ازالہ بھی کیا جائے گا۔ منسٹری سے متعلقہ مسائل حل کروانے اور لوگوں سے پیسے لینے کے سلسلہ کی روک تھام یقینی بنانے کیلئے یہ اقدام اٹھایا ہے۔ اس کے علاوہ گجرات ڈویژن اور انڈسٹریل زون کی جلد بحالی ہو رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن