ایران: سیستان میں جیش العدل کا 2 گاڑیوں پر حملہ، 6 پولیس اہلکار جاں بحق
تہران (آئی این پی) سوران مہرستان میں جیش العدل کے ایرانی پولیس کی دو گاڑیوں پر حملے سے چھ پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق صوبہ سیستان اور بلوچستان میں سوران مہرستان روڈ پر پولیس کی دو کاروں پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ 6 پولیس اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ پولیس افسر حسین علی شیبک کے قتل کے مرکزی ملزم کو لے جا رہی تھی جب ان کا قافلہ مسلح حملے کا نشانہ بنا۔ جیش العدل کے عسکریت پسندوں نے اس حملے میں سائلنسر سے لیس ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ اس لیے گولی چلنے کی آواز نہیں سنی گئی۔ جیش العدل نے ایک مختصر بیان میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے، جس میں کہا گیا کہ جس فورس پر حملہ کیا گیا وہ ایک انٹیلی جنس آپریشنل یونٹ تھا جس کے ساتھ خصوصی دستے بھی تھے۔