’’عید پیکج تقسیم کرنے کی تصاویر کیوں شائع کیں‘‘ علی امین گنڈا پور انتظامیہ پر برہم
پشاور‘ لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور نے مستحقین میں عید پیکج تقسیم کرنے کی تصاویر شائع کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ متعلقہ حکام اور عوامی نمائندوں سے وضاحت طلب کر لی اور کہا کہ یہ عمل حکومتی اور پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی ہے۔ اس عمل سے مستحقین کی عزت نفس مجروح ہوئی ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مشیر اطلاعات خیبر پی کے بیرسٹر سیف کو جواب دیتے کہا ہے کہ خیبر پی کے میں سینٹ کا الیکشن پی ٹی آئی کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے نہیں ہوا۔ الیکشن کمشن نے ملک بھر میں ایک ہی دن سینٹ الیکشن کرانے کی تیاریاں کی تھیں۔ علی امین گنڈاپور نے رمضان پیکج پر خود اپنی تصاویر شائع کیں، اب برہم ہو رہے ہیں۔ تحریک انصاف نامی ایک جماعت تھی جو اب ختم ہو چکی ہے۔