صدر کا ایرانی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ، تعاون کو فروغ دینگے، فلسطینیوں کی نسل کشی پر تشویش
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری اور ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا\ دونوں رہنمائوں نے عید الفطر کی مبارکباد کا تبادلہ کیا\ صدر آصف علی زرداری نے دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملے پر ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ یوان صدر پریس ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے غزہ میں انسانی بحران اور اسرائیلی افواج کی جانب سے نسل کشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں ایران کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔ صدر مملکت نے دونوں ممالک کو درپیش سکیورٹی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے معلومات کے تبادلے کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایرانی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ صدر آصف علی زرداری نے نواب شاہ میں عید الفطر کی نماز ادا کی۔ صدر نے ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا کی۔ صدر مملکت اس موقع پر مسجد میں موجود لوگوں سے ملے اور عید کی مبارکباد دی۔ بعد ازاں صدر مملکت آصف علی زرداری بالو جا قبا شہید بینیظیرآباد گئے۔ صدر زرداری نے اپنے والدین اور عزیز و اقارب کے مزار پر حاضری دی۔ والدین اور عزیز و اقارب کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور پھول نچھاور کیے۔ صدر مملکت کے ہمراہ سندہ کے صوبائی وزیر حاجی علی حسن زرداری بھی تھے۔ صدر نے شہید بینظیرآباد کی تحصیل قاضی احمد میں سابق ایم پی اے جام تماچی انڑ سے انکی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کی۔ صدر مملکت نے مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی، دعائے مغفرت کی۔ صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کو عیدالفطر کے پر مسرت موقع پر اور چیئرمین سینٹ آف پاکستان منتخب ہونے پر بھی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ سید یوسف رضا گیلانی کا بطور چیئرمین سینٹ انتخاب ملکی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ صدر نے شاہ نورانی کے اندوہناک حادثے پر اظہار افسوس کیا، صدر مملکت نے حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ صدر نے انچارج لیبر ونگ پی پی چودھری منظور کو فون کیا اور عید کی مبارکباد دی۔ سیاسی صوتحال پر بھی گفتگو کی۔