• news

بھاری قربانیوں سے حاصل امن برقرار رکھنا سب کی ذمہ داری: آرمی چیف

 اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے شمالی وزیرستان میں اگلے مورچوں پر جوانوں کے ساتھ عید الفطر منائی اور عید کی مبارکباد دی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقوں میرانشاہ اور سپن وام کا دورہ کیا۔ انہوں نے اگلے مورچوں پر جوانوں کے ساتھ عید کی نماز ادا کی اور عید منائی۔ آرمی چیف نے جوانوں کے ہمراہ پاکستان کے پائیدار استحکام اور خوشحالی کے لیے دعائیں کیں اور جوانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دی، قوم کے لیے ان کے غیر متزلزل جذبے اور خدمات کو سراہا۔ جنرل عاصم منیر کو آپریشنل تیاریوں اور موجودہ سکیورٹی کی صورتحال اور پاک افغان سرحد کے ساتھ سرحدی حفاظتی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ پاک فوج کے سربراہ نے قربانیوں سے حاصل امن کی حفاظت کیلیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ بھاری قربانیوں سے حاصل امن کو برقرار رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کے بدولت ضم شدہ اضلاع اور خیبر پختونخوا میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے محفوظ ماحول فراہم ہوا، قوم کی خدمت میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض پر غیر متزلزل توجہ مرکوز رکھیں۔آرمی چیف نے امن و استحکام کیلیے فارمیشن کے کردار کو سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن