• news

آسٹریلیا جونیئر سکواش چیمپئن شپ ‘پاکستان نے 5ٹائٹل جیت لئے 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)آسٹریلین جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ میں پشاور کی دو سگی بہنوں سمیت پاکستانی کھلاڑیوں نے پانچ ٹائٹلز اپنے نام کرلئے۔ میلبورن میں منعقدہ آسٹریلین جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ کے گرلز انڈر 17ایونٹ کی سیڈ 2مہوش علی نے فائنل میں ین یی لی کوجان توڑ مقابلے کے بعد 38منٹ میں 2-3سے قابو کرکے پاکستان کو ٹائٹل دلوادیا۔گرلز انڈر13ایونٹ میں سیکنڈ سیڈ اور مہوش علی کی چھوٹی بہن ماہ نور علی نے ٹاپ سیڈ ایملی سینئر کو شکست دے کر اپ سیٹ فتح حاصل کی۔ ماہ نور نے فائنل میں 20منٹ کی تگ ودو کے بعد 0-3کی فتح کے ساتھ سے ٹائٹل پر قبضہ جمایا، ان کی سب سے چھوٹی بہن سحرش علی کوکوارٹر فائنل میں ایمیلی سینئر نے 37 منٹ کی سخت تگ و دو کے بعد 2-3سے ہرادیا۔بوائز انڈر17کے فائنل میں ابراہیم زیب نے فتح پائی، بوائز انڈر 15ایونٹ میں یحییٰ خان نے فتح اپنے نام کی، 24ویں سیڈ کے حامل یحییٰ خان نے ہنری کراس کو 22منٹ کی جدوجہد کے بعد 0-3سے زیر کرکے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔پاکستان کے اذان علی خان کو سیمی فائنل میں ہنری نے مات دی تھی، گرلز انڈر 15ایونٹ میں سیدہ سارہ علی کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کی الیوا وان زون سے مات کھا گئیں۔بوائز انڈر 13کے فائنل میں پاکستان نیوی سے تعلق رکھنے والے ٹاپ سیڈحزیفہ شاہد نے سیڈ2اونگ لیونگ یو کو 12منٹ میں 3-0سے قابو کر کے پاکستان کا پرچم بلند کردیا، پاکستان کے محمد فواد خان اس ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں ہمت ہار گئے تھے۔بوائز انڈر 11ایونٹ میں ٹاپ سیڈ پاکستان آرمی کے راجہ محمد ارماس علی اپنے حریف ایڈورڈ الیم سے کوارٹر فائنل میں ہار گئے، مریم ابراہیم گرلز انڈر11 ایونٹ کے سیمی فائنل تک محدود رہیں، گرلز انڈر 15ایونٹ میں سیدہ سارہ علی کوارٹر فائنل میں مات کھا گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن