عسکری 9 لاہور کینٹ میں فیملی میلہ: عید کی خوشیاں دوبالا
لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ)عسکری 9 لاہور کینٹ میں سجے چاند رات فیملی میلے نے عید کی خوشیاں دوبالا کردیں۔ بچوں کی تو جیسے عید سے پہلے عید ہوگئی۔ کالونی کا بھرپور روشنیوں سے مزین سرسبز لان رات میں دن کا منظر پیش کررہا تھا۔ کھانے کے سٹال ، جھولے اور میجیشن شو نے تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔ بچوں نے خوب ہلا گلا کیا۔ چاند رات کو مہندی اور چوڑیوں کی خریداری نہ ہو تو خواتین کی عید نہیں ہوتی۔ میلے میں خواتین اور بچیوں کیلئے خاص طور پر بار بی کیو ، مہندی اور چوڑیوں کے درجنوں سٹالز لگائے گئے جہاں بھرپور رش رہا۔ بچے تو بچے ، بزرگوں کی کثیر تعداد بھی چاند رات کی خوشیاں منانے پہنچی۔ میلے میں جوش و خروش دیدنی تھا۔ چمکتے چہروں ، بچوں کی چہچہاہٹ اور بزرگ مردو خواتین کی کھلکھلاہٹ کے ساتھ قوالوں نے اپنے سر تال سے ماحول کو نہایت مسحور کن بنادیا۔ فرمائشی قوالیوں سے فضا مخمور ہوگئی۔ عسکری 9 کی معزز شخصیات سوسائٹی کے صدر کرنل (ریٹائرڈ) راشد چودھری ، جنرل سیکرٹری میجر (ر) منیر ، سابق سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس ، بریگیڈیئر (ر) بابر ، بریگیڈیئر (ر) خالد جاوید ، بریگیڈیئر (ر) سعید احمد رفیع اور بریگیڈیئر (ر) زاہد (سابق صدر سوسائٹی)، کرنل (ر) رشید چودھری ، لیفٹیننٹ کرنل (ر) عمران چودھری ، میجر(ر) محمد طاہر ، میجر (ر) محمد ریاض ، میجر (ر) شعیب اور میجر (ر) محمد اشرف ، میجر (ر) عثمان طاہر سمیت بڑی تعداد میں بچوں ، بزرگوں ، نوجوانوں اور خواتین کی شرکت نے ایونٹ کو چار چاند لگا دئیے تھے۔ انتظامیہ کے شاندار اہتمام کی بدولت یوں لگا جیسے ساری سوسائٹی عید الفطر کی خوشیاں منانے پہنچ گئی ہو۔ شرکاء نے ایونٹ کو کامیاب قرار دیتے ہوئے خوشیوں کے اظہار کا بہترین موقع قرار دیا۔ کرنل راشد چودھری نے کہا فیملیز کی جوق در جوق شرکت باعث اطمینان و مسرت اور ہمارے لئے حوصلہ افزائی ہے۔ میجر منیر نے کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت دگنا انتظامات کئے گئے ہیں۔ رہائشیوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے۔ سابق سی سی پی او کیپٹن (ر) امین وینس ، بریگیڈیئر بابر ، بریگیڈیئر زاہد اور بریگیڈیئر خالد نے کہا کہ اگرچہ یہاں سینکڑوں گھر ہیں لیکن سچ پوچھو تو سوسائٹی ہی ہمارا گھر ہے۔ یہاں صرف ایک مسجد ہے جہاں ہم سب 5 وقت اکٹھے ہوتے ہیں ، ہماری خوشیاں اور غم سانجھے ہیں۔ نوائے وقت گروپ کے چیف آپریٹنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے اس موقع پر کہا کہ ہم سب ایک فیملی ہیں۔ ہمارے احساسات ، اور جذبات ایک جیسے ہیں۔ سوسائٹی کو خوبصورت گھر بنانے کی مشترکہ کاوشوں نے جہاں زندگی کو دوام بخشا ہے وہاں زندہ دلی ہماری عادت بن گئی ہے۔ ہم اس کالونی کو ایک گھر بنانا چاہتے ہیں جہاں ہم سب کے دکھ سکھ اور خوشیاں ایک ہوں۔ موجودہ انتطامیہ نے اس سلسلے میں بھرپور کوششیں کی ہیں اور وہ اپنی کوششوں میں کامیاب نظر آتی ہے ، میں اسے سپرٹ آف عسکری نائن (Spirit of Askari 9) کا نام دیتا ہوں۔