• news

وزیر بلدیات عید کی چھٹیوں میں صفائی انتظامات کا جائزہ لینے فیلڈ میں پہنچ گئے 

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے عید کے تیسرے روز مختلف علاقوں کا دورہ کر کے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ویسٹ کولیکشن پوائنٹس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پہلے بھاٹی گیٹ کولیکشن پوائنٹ کا دورہ کر کے انتظامات چیک کئے اور ایل ڈبلیو ایم سی کے افسروں کو ہدایت کی کہ کوڑا جلد از جلد مقررہ ڈمپنگ سائٹس پر منتقل کیا جائے۔ صوبائی وزیر ریواز گارڈن کولیکشن پوائنٹ بھی گئے اور ایل ڈبلیو ایم سی افسروں کو عید پلان پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی۔ ذیشان رفیق نے بعدازاں استنبول چوک مال روڈ پر سڑکوں کی دھلائی کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دیگر شہروں سے لوگوں کی لاہور واپسی تک صفائی کا ٹارگٹ پورا کرلیں۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ایل ڈبلیو ایم سی اور بلدیہ عظمی کا عملہ دن رات کام کر رہا ہے۔ لاہور میں روزانہ ایک سو کلومیٹر طویل سڑکوں کی دھلائی جا رہی ہے۔ وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ صفائی انتظامات کی رپورٹس مجھے ساتھ ساتھ دیں۔ انہوں نے عیدالفطر صفائی آپریشن کے لئے کئے گئے انتظامات کو بھی سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن