ہمیں چاہیے نیک اعمال سارا سال جار ی رکھیں: مولانا فضل الرحمن بن محمد
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر ، معروف دینی سکالر ، درجنوں دینی کتابوں کے مصنف اور جامع مسجد محمدی سنت نگر فردوس پارک کے سرپرست اعلیٰ مولانا فضل الرحمن بن محمد نے کہا ہے کہ رحمتوں ، برکتوں کا مہینہ ہم پر سایہ فگن ہو کر چلا گیا۔ اس میں اہل اسلام نے مسجدیں آباد کیں۔ خالق و مالک کی خوشنودی حاصل کرنے کی سعی کی اب ہمارا اصل امتحان شروع ہوتا ہے کہ اس ماہ میں ہماری ٹریننگ جس طرح ہوئی ہے ایسے نیک اعمال سارا سال جاری رکھیں اور آئندہ مہینوں میں اس جذبے اور شوق کی مانند نہ پڑنے دیں۔ اللہ تعالیٰ نے روز ے ہم پر اس لیے فرض کئے تاکہ ہم متقی اور پرہیز گار بن جائیں اور خیر کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہیں۔ خود بھی نیکیاں اور بھلائی کے کام کریں اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دیں تب ہی رمضان کا مقصد حاصل ہوگا۔