ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ٹرافی کا سفر بارباڈوس سے شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر)ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی ٹرافی کے سفر کا آغاز بارباڈوس سے شروع ہو گیا، ٹرافی ویسٹ انڈیز کے مختلف ممالک کا دورہ کریگی۔ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2024 کا ٹرافی ٹور شروع ہوچکا ہے چمچماتی ٹی ٹونٹی ٹرافی اس ماہ 12 سے 20 اپریل تک ویسٹ انڈیز کے مختلف ممالک کا دورہ کریگی جہاں شائقین اس کا دیدار کریں گے۔2 جون سے شروع ہونے والے ایونٹ کی ٹرافی کی اس سے قبل نیویارک کے امپائر سٹیٹ بلڈنگ میں ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کرس گیل اور امریکہ کے علی خان نے لانچنگ کی تھی۔آئی سی سی نے ٹرافی کی تصاویر اور ویڈیو بھی شیئر کر دی ہیں۔ خوبصورت ٹرافی ٹور کے دوران پندرہ ملکوں کا دورہ کریگی۔ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا نواں ایڈیشن رواں سال یکم جون سے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں کھیلا جائیگا۔‘آؤٹ آف دی ورلڈ’ ٹرافی ٹور چار براعظموں کے 15 ممالک پر محیط ہوگا جس میں ٹرافی کھیلوں کی مشہور ٹیموں اور سٹیڈیمز، تاریخی مقامات کا دورہ کریگی جبکہ اسے لیجنڈ کرکٹرز کے پاس بھی لے جایا جائیگا۔ویسٹ انڈیز اور امریکہ کے تمام میزبان مقامات کا دورہ کرنے کے علاوہ ٹرافی امریکہ میں ارجنٹائن، برازیل اور کینیڈا کا بھی دورہ کریگی۔