عید پر شہر میں کمسن بچے‘ خاتون سمیت 11 افراد جاں بحق
لاہور (نامہ نگار) عید، ٹرو اور مرو کے روز شہر میں مختلف واقعات میں کمسن بچے اور ایک خاتون سمیت 11افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ پولیس نے تمام لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ داتا دربار کے علاقے میں پناہ گاہ کے قریب سے 50 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے۔ فیکٹری ایریا کے علاقے میں شنگھائی برج کے قریب 60 سالہ بزرگ شہری فٹ پاتھ کنارے مردہ حالت میں پایا گیا۔ مصطفیٰ ٹاؤن نہر سے تیرتی ہوئی 50 سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ والٹن ریلوے سٹیشن کے قریب ٹرین کی ٹکر سے 22 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ متوفی ٹرین پٹری عبور کرتے ہوئے ٹرین کی ٹکر لگنے سے جاں بحق ہواہے۔ چوکی نادر آباد، بھٹہ چوک کے قریب سے 30 سالہ نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ ریس کورس علامہ اقبال روڈ سے25 سالہ نوجوان کی لاش فٹ پاتھ سے ملی ہے۔ مصطفی آباد نہر کے قریب سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ نواں کوٹ کے علاقے میں سے بے ہوشی حالت میں ملنے والا 50 سالہ شخص دوران علاج ہسپتال میں دم توڑ گیا ہے۔ داتا دربار کے علاقے سے 60 سالہ نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ لاری اڈا کے علاقے میں فٹ پاتھ کنارے 35 سالہ شخص مردہ حالت میں پایا گیا ہے۔ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے علاقے کچا جیل روڈ سے 22 سالہ نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ متوفی نشے کا عادی تھا اور نشے کی زیادتی کے باعث جاں بحق ہوا جس کی شناخت قاسم ولد محمد رمضان کے نام سے ہوئی ہے۔