شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی‘ فلسطین آزاد ہو کر رہے گا‘ زبیر احمد ظہیر
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ آزادیِ فلسطین کا سورج طلوع ہو کر رہے گا۔ شہداء کی قربانیاں رنگ لانے والی ہیں۔ اسرائیلی ظلم و جبر کا خاتمہ نوشتہ دیوار ہے۔ امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے حکمران ظلم کا اور ان کے عوام کھل کر فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مسلم عوام اور حکمرانوں کو فلسطین اور کشمیر کے مسئلہ پر کھل کر میدانِ عمل میں آنا پڑے گا۔ وہ گزشتہ روز فردوس مارکیٹ چوک گلبرگ میں نماز عید کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر مسلم حکمران اور عوام اپنی بے حسی، غفلت اور لاپرواہی کو ختم کرتے ہوئے آزادی فلسطین اور کشمیر کے لئے عملی اقدامات شروع کر دیں تو دنیا کی کوئی طاقت ان کو آزادی سے محروم نہیں رکھ سکتی۔