• news

لاہور:غازی آباد میں سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو تشدد اور گلا دبا کر قتل کردیا 

لاہور( این این آئی) صوبائی دارالحکومت کے علاقہ غازی آباد میں سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو تشدد اور گلا دبا کر قتل کردیا۔ بتایا گیا ہے کہ شہر بانو کی ایک سال قبل غازی آباد کے رہائشی آصف نامی شخص سے شادی ہوئی تھی۔ متوفیہ شہر بانو کے والد کے مطابق سسرالی میری بچی کو ذہنی اذیتیں دیتے اور جسمانی تشدد کا نشانہ بناتے تھے، شادی کے بعد ایک بچے کی پیدائش ہوئی جو چند ہی روز میں وفات پا گیا۔انہوں نے کہا کہ سسرال سے فون آیا شہربانو کی طبیعت خراب ہے جب وہ ہسپتال پہنچے تو وہ مر چکی تھی، ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچی ہسپتال لانے سے دو گھنٹے قبل ہی وفات پا چکی تھی۔متوفیہ کے والد کا مزید کہنا تھا کہ شہربانو کی گردن پر پھندے کے نشانات موجود ہیں، پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی۔دریں اثنا ایس پی کینٹ اویس شفیق کی ہدایت پر غازی آباد پولیس نے متوفیہ شہر بانو کے شوہر آصف اور عبدالرشید کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا۔پولیس نے مقتولہ کے بھائی عمیر علی کی مدعیت میں نامزد ملزمان آصف، عبدالرشید اور راشد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ایس پی کینٹ اویس شفیق کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن