لاہور، قصور، فیصل آباد، حالات سے دلبرداشتہ بزرگ سمیت 5 افرد کی خودکشیاں
لاہور+ فیصل آباد+ قصور (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ این این آئی) ہنجروال کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کے رہائشی 22 سالہ قمر عباس نے مبینہ طور پر گلے میں پھندا لیکر خودکشی کی۔ واقعہ بظاہر گھریلو تنازعہ کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر فرانزک ٹیم کی مدد سے شواہد اکٹھے کئے اور تمام لاشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ دریں اثنا فیصل آباد میں حالات سے دلبرداشتہ شخص پھندے سے جھول گیا۔ غربت ، مہنگائی اور گھریلو حالات پرجھگڑوں سے دلبرداشتہ 67 سالہ اللہ دتہ مسیح نے محلہ نواز ٹاؤن لاثانی پارک کے قریب گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کر لی جبکہ نواحی علاقہ میں مبینہ عاشق نے لڑکی پر فائرنگ کے بعد خودکشی کر لی۔ عینی شاہدین کے مطابق تھانہ ستیانہ 433 گ ب میں نوجوان نعمان لڑکی سے ملنے گیا اسی دوران اس نے لڑکی پر فائرنگ کی اور فرار ہو گیا۔ بعدازاں ریلوے پھاٹک کے قریب اس نے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ لاہور میں نواں کوٹ بکر منڈی میں35 سالہ شخص نے کنپٹی پر گولی مار کر خودکشی کر لی۔ پولیس کے مطابق خودکشی کی وجوہات معلوم نہ ہوسکی ہیں۔ اسی طرح قصور میں تنگ دستی سے دلبرداشتہ خودکشی کی کوشش کرنے والا نوجوان ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ شفیع والا چوک کا 25سالہ اسحاق بیروزگاری اور ادھار لین دین میں ناکامی سے عاجز آچکا تھا، 2 روز قبل اس نے خود کو سینے میں گولی مار کر خود کشی کی کوشش کی۔ اسحاق ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور میں زیرعلاج تھا مگر جانبر نہ ہوسکا۔