• news

عید پر حادثات: حب، 18 زائرین: حافظ آباد، سرگودھا، ڈجکوٹ میں 3 خاندانوں کے 19 افراد سمیت 25 جاں بحق

حافظ آباد‘ شیخوپورہ ‘کوئٹہ (نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) عید الفطر‘ ٹرو‘ مرو پر پنجاب میں مختلف ٹریفک حادثات میں 25 اور حب میں ٹرک حادثہ میں 18 زائرین جاں بحق ہو گئے۔ ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق فیصل آباد میں کار اور ویگن، ملتان میں ہائی ایس اور ویگن جبکہ چنیوٹ میں کار اور بائیک کے علاوہ صوبے کے دیگر اضلاع میں ہزاروں بائیک ایکسیڈنٹ رپورٹ ہوئے۔ ڈی جی ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر نے حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور تقریباً ڈھائی ہزار افراد کے زخمی ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہری سفر کے دوران ٹریفک قوانین پر عمل اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ فیصل آباد 4‘ جھنگ 3 ‘ اوکاڑہ 2 ‘ سرگودھا میاں بیوی اور بیٹا‘ چشمہ کے قریب تیز رفتار وین نے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار دی۔ ایک مرد اور 2 خواتین جاں بحق ہو گئیں۔ ڈجکوٹ کے علاقہ سمندری روڈ پر پھرالہ موڑ کے قریب تیز رفتاری کے باعث کار اور مسافر وین میں تصادم ہو گیا، حادثے کے نتیجے میں دونوں گاڑیاں تباہ ہو گئیں جبکہ کار سوار پچاس سالہ ذوالفقار ولد اقبال، اس کی بیوی چالیس سالہ عظمی بی بی اور بچے دس سالہ بیٹی عائشہ بی بی اور بارہ سالہ بیٹا احسن شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دیگر اٹھارہ افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حضرت کرمانوالہ کے قریب ایک تیز رفتار کار نمبری LEC-9217 نے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت ولید کے نام سے ہوئی ہے۔ درگاہ شاہ نورانی جانے والے زائرین سے بھرا ٹرک حب میں عیاں پیر کے قریب کھائی میں گرگیا، حادثے میں 18 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ تعلق ٹھٹھہ سے تھا۔ جاں بحق ہونے والوں کی میتیں کراچی میں سہراب گوٹھ کے ایدھی سرد خانے منتقل کر دی گئیں، 35 زخمیوں کو علاج کیلئے سول ہسپتال کراچی منتقل کیا گیا ہے، سرفراز بگٹی نے بھی شاہ نورانی کے قریب روڈ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سرگودھا میں کانسٹیبل ضیاء شاہ‘ اہلیہ اور بیٹے سمیت جا رہا تھا‘ خواجہ آباد کے قریب بریک فیل ہونے پر کار درخت سے ٹکرا گئی۔ حافظ آباد میں عید کے روز دومختلف حادثات میں ماں بیٹی سمیت 3افراد جاں بحق جبکہ 10سے زائد شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق شاہین بی بی سکنہ سروپ والہ اپنی بیٹی عائشہ اور بھائی محمد طارق کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ہوکر آرہے تھے کہ ممنا کے قریب ایک تیز رفتار دودھ لانے والے ٹرک نے موٹر سائیکل کوٹکر دے ماری جس کے نتیجہ میں شاہین بی بی اور اسکا بھائی محمدطارق موقع پر جاں بحق جبکہ بیٹی عائشہ ہسپتال میں جاکر دم توڑ گئی جبکہ ٹرک ڈرائیور فرار ہوگیا۔پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ دوسرا حادثہ بھون کلاں کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار کار اور کیری ڈبہ کے تصادم میں دس سے زائد افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری ٹراما سنٹر منتقل کردیا جہاں تین زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔لاہور روڈ ای کمیونٹی کے قریب شیخوپورہ سے مسافروںکو لیکر لاہور جانے والا مسافر رکشہ تیز رفتاری کے باعث الٹ گیا۔ ایل پی جی سلنڈر پھٹ گیا اور رکشہ کو آگ لگ گئی۔ 2 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوراً ریسپانس کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت نہ ہو سکی۔ زخمیوںمیں30 سالہ نزاکت ،15 سالہ خرم، 25سالہ زنیر اور علی رضا شامل ہیں۔ صفدر آباد کے علاقہ باغانوالی کے قریب ایک تیز رفتار مسافر ٹیوٹا ویگن رکشہ سے ٹکرا گئی۔ نور آسیہ، صدف بی بی  اور نوراں بی بی زخمی ہوئے۔ فاروق آباد کے علاقہ ایشر کے میں کار اور موٹر سائیکل کے تصادم سے ادریس احمد، منیراں ادریس اور حسن ادریس شدید زخمی ہوگئے۔ گوجرانوالہ روڈ ہردیو کے قریب کار اور موٹرسائیکل کے تصادم میں40 سالہ فاروق ، فوزیہ بی بی، انعم فاطمہ، دعا فاطمہ زخمی ہوئے۔ حافظ آباد روڈ نزد ہرن مینار تیز رفتاری کے باعث دو موٹرسائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں‘ 4 افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں فاروق امجد، سیہل امجد، عمر عرف اور اس بوٹا شامل ہیں۔ دریں اثناء  نزد ہاؤسنگ کالونی مین گیٹ نامعلوم کار کی ٹکر سے 7 سالہ بچہ جاں بحق  ہو گیا۔ ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیم نے نعش کو لواحقین کے حوالے کر دیا۔ جاں بحق بچے کی شناخت حسنین ولد عباس 7سال ساکن بدو روڈ سے ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن