شہباز شریف نے گریڈ 17 سے 21 کو چار تنخواہیں دی ہیں تو خزانہ ہوگا، خورشید شاہ
سکھر (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اگر شہباز شریف نے گریڈ 17 سے 21 کو چار تنخواہیں دی ہیں تو ملک میں خزانہ ہوگا۔اپنے ایک بیان میں خورشید شاہ نے کہا کہ میں کہتا ہوں یہ تنخواہیں گریڈ ایک سے گریڈ پندرہ کے ملازمین کو دینی چاہئیں تھیں۔خورشید شاہ نے کہا کہ فلسطین کے لوگ لاوارثی کی حالت میں اسرائیلی جارحیت کا سامنا کر رہے ہیں، آج کا دن افسوس کے ساتھ گزار رہے ہیں جو فلسطینی بھائیوں پر گزر رہی ہے اس کا ہمیں احساس ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ذوالفقار علی بھٹو والی طاقت دیکھنے اور دکھانے کی ضرورت ہے، ماضی میں ہم مسلمانوں نے جہاد کر کے تمام جنگیں فتح کیں آج کیوں ہم ایسا کردار ادا نہیں کر رہے ہیں، سب کو جنگ بدر اور جنگ احد یاد کرنی چاہیے۔خورشید شاہ نے کہا کہ ملکی معیشت 2018ء سے تباہی کی حد تک آگے بڑھی، معیشت آئی ایم ایف کی شرائط سے نہیں بہتر ہونے کی، ہمیں خود اپنی معیشت بہتر کرنی ہوگی، ہمارے ملک میں استحکام نہیں رہا جس کے باعث معیشت مسلسل خراب ہوتی چلی گئی۔پی پی رہنما نے کہا کہ یقین ہے اپنے ملک کو پاؤں پر کھڑا کرسکتے ہیں، پاکستان کو ٹھیک کرنے کیلئے سیاستدانوں اور تمام اداروں کو سوچنا ہوگا، حکومت کو مشورہ ہے پارلیمنٹ میں ہر چیز میں اعتماد میں لیکر فیصلہ کرے، اگر پارلیمنٹ کو ربر اسٹیمپ سمجھا جائے گا تو پھر ایسی صورتحال ہی ہوگی۔سید خورشید شاہ نے کہا کہ جو اسلحہ ملک کے دیگر صوبوں کی پولیس کے پاس ہے وہ سندھ کی پولیس کو بھی دیا جائے، وہ اسلحہ سندھ پولیس کو مل جائے تو تین ماہ میں کچے سے ڈاکوؤں کا خاتمہ ہوجائے گا۔انہوںنے کہاکہ کرمنلز کے پاس اسلحہ کہاں سے آتا ہے جبکہ سندھ پولیس کو اجازت نہیں دی جاتی۔