• news

تہران کا جہاز پر قبضہ: اسرائیل میں فضائی الرٹ: مشرق وسطیٰ میں 2 امریکی بیڑے تعینات

نئی دہلی+ واشنگٹن + تل ابیب (این این آئی+ اے پی پی + نوائے وقت رپورٹ) ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے خدشے کے پیش نظر امریکہ نے مشرق وسطیٰ میں 2 جنگی بحری بیڑے تعینات کر دئیے۔ امریکی اخبار کے مطابق بحری بیڑوں پر جدید میزائل دفاعی نظام نصب ہے۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا امکان ہے ایران اسرائیل پر جلد حملہ کرے گا۔ امریکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہائوس سے جاری کردہ بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ ایران اسرائیل پر حملہ کر کے کامیاب نہیں ہو سکے گا۔ جوبائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ اسرائیل کے دفاع کے لیے تیار ہے۔ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ امریکہ نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ ایران کروز میزائل سے لیس ہوکر حملہ کر سکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکام نے کہا ایران نے اسرائیل پر ممکنہ حملے کے پیش نظر بڑی تعداد میں کروز میزائل اور ڈرون تیار کر لیے ہیں اور وہ دمشق قونصلیٹ میں اپنے ہلاک ہونے والے اہلکاروں کا بدلہ لے سکتا ہے۔ امریکی اعلیٰ حکام نے دعوی کیا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر ممکنہ حملے کیلئے 10سے زائد کروز میزائل تیار کر لیے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے کہا ایران کو کسی بھی قسم کی کشدگی بڑھانے کے نتائج کو بھگتنا ہو گا۔ ایرانی فورسز کے آبنائے ہرمز میں اسرائیلی کمپنی کے پرتگالی جہاز پر قبضے کے بعد اسرائیلی فوج کے ریئر ایڈمرل ڈینیئل بگاری نے کہا ایران نے کشیدگی میں ا ضافہ کیا تو نتائج بھگتے گا۔ اسرائیل ہائی الرٹ ہے، ایران کی مزید جارحیت سے تحفظ کیلئے اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں ردعمل کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ واضح رہے کہ ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز میں اسرائیلی کمپنی کے پرتگالی جہاز پر قبضہ کر لیا۔ فلپائن کا 20 رکنی عملہ ہے، جہاز ایم ایس سی ایریز اسرائیلی عرب پتی کی کمپنی کا ہے۔ بھارت نے اپنے شہریوں کو خطے کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں میں ایران اور اسرائیل کا سفر کرنے سے منع کر دیا ہے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ان دونوں ممالک میں مقیم شہری اپنی حفاظت کے بارے میں انتہائی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور اپنی نقل و حرکت کو محدود کر دیں۔ ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کے مشیر یحییٰ رحیم مفادی نے دمشق میں ایرانی قونصلیٹ پر اسرائیلی حملے کے بعد ایرانی حملے کے خطرات پر بیان میں کہا ہے کہ ایران کے ممکنہ ردعمل سے اسرائیل خوف کی کیفیت میں ہے۔ اسرائیل ایک ہفتے سے خوف و ہراس اور ہائی الرٹ پر ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور حمایتی پریشان ہیں کہ یہ نہیں جانتے ایران کیا کرنا چاہتا ہے۔ رحیم مفادی نے کہا کہ نفسیاتی اور سیاسی جنگ ان کیلئے اصل جنگ سے زیادہ خوفناک ہے۔ یہ لوگ ہر رات حملے کے انتظار میں گزار رہے ہیں، بہت سے گھروں کو چھوڑ کر   شیلٹر میں جا چکے ہیں۔ اسرائیل میں بڑے اجتماعات پر پیر کی رات تک پابندی عائد کر دی گئی۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اسرائیل کے متعدد طیارے فضاؤں میں موجود ہیں اور فضائی دفاع الرٹ پر ہے۔ امریکہ نے ایرانی پاسداران انقلاب کے آبنائے ہرمز میں اسرائیلی جہاز پر قبضے پر ردعمل میں کہا ہے کہ ایران قبضہ کئے ہوئے جہاز کو فوری طور پر چھوڑ دے۔ ترجمان امریکی قومی سلامتی کونسل ایڈرین واٹسن نے کہا ہے کہ ایران جہاز اور اس کے عملے کو فوری رہا کرے۔ سویلین جہاز کو قبضے میں لینا عالمی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ سویلین جہاز کو قبضے میں لینا ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کا اقدام قزاقوں جیسا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن