ہر مشکل میں سعودی عرب نے دل کھول کر ساتھ دیا: شہباز شریف
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جب بھی پاکستان مشکل میں آیا سعودی عرب نے دل کھول کر ساتھ دیا۔ سعودی ولی عہد نے ہمارے دورے کے دوران وفد کی پذیرائی کی۔ سیرت نبویؐ پر آگاہی کیلئے تعمیر ہونے والے سیرت میوزیم کے سنگ بنیاد کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی، جس میں مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم آل عیسیٰ نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کیلئے سعودی عرب کی خصوصی توجہ قیمتی سرمایہ ہے، فیصل مسجد سے سیرت میوزیم تک سعودی عرب کی محبتوں کے نشانات دیکھے جا سکتے ہیں۔ سعودی ولی عہد نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا، سعودی حکومت پاکستان کیلئے بے پناہ محبت کے جذبات رکھتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بہت جلد اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان تشریف لا رہا ہے، سعودی ولی عہد نے کہا پاکستان ان کے دل کے قریب ہے، رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل کی گفتگو سے ہمیشہ پاکستان کیلئے محبت نظر آتی ہے۔ پاکستان کی ترقی کیلئے سعودی عرب مختلف شعبوں میں تعاون فراہم کر رہا ہے۔ سیرت میوزیم اسلاموفوبیا کے ناپاک پروپیگنڈے کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ گزشہ دہائی میں وسائل پر قبضے کی جنگ کی وجہ سے نظریاتی تصادم پیدا کیا گیا، اسلام اور مسلمانوں سے متعلق منفی اور گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جاتا رہا ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کا شکار فلسطینی مسائل کا شکار ہیں جن کی ہر سطح پر مدد کیلئے پاکستان تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی اس وقت اسرائیلی بربریت اور شدید مسائل کا شکار ہیں جس کے لئے رابطہ عالمی اسلامی کا ادارہ بڑے پیمانے پر کام کر رہا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں خیر سگالی ملاقات کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کو خوش آمدید کہا اور عید الفطر کے موقع پر پاکستان آنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دنیا بھر میں اسلام کے حقیقی تشخص کو فروغ دینے کے لئے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔ انہوں نے مسلم امہ کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے، دنیا بھر میں مسلم مقاصد کی وکالت کرنے اور امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے پیغام کو پھیلانے میں مسلم ورلڈ لیگ کے اہم کردار کا بھی اعتراف کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی صحت اور درازی عمر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے مضبوط برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ عقیدے، مشترکہ اقدار اور ثقافت پر مبنی ہیں۔ وزیر اعظم نے سیکرٹری جنرل کے حالیہ دورے کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں مسلم ورلڈ لیگ کے ساتھ پاکستان کی مسلسل حمایت اور شراکت داری کی یقین دہانی کرائی۔ مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے وزیر اعظم کے عزم اور کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے وزیراعظم کو ان کے حالیہ دورہ سعودی عرب کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی 07 سے 15 اپریل 2024ء تک پاکستان کے دورہ پر ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پنجاب اور بلوچستان میں بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کے نتیجے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعظم نے ان واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات کی دعاء اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے این ڈی ایم اے سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز تر کرنے کی ہدایت کی ہے۔