• news

وزیراعظم نے عربی میں تقریر کا آغاز اور اختتام کیا‘ سیرت میوزیم تقریب کی جھلکیاں

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں آگاہی اور نسل نو میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کے فروغ کیلئے تعمیر ہونے والے سیرت میوزیم کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعظم کے خطاب کے دوران عربی زبان میں والہانہ جذبات کے اظہار نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تقریر کا آغاز اور اختتام عربی زبان سے کیا جسے تقریب کے شرکاء نے بہت سراہا۔ وزیراعظم نے حفاظ کرام سے بے پناہ عقیدت کا اظہار اور ان کی بھرپور پذیرائی کی۔ وزیراعظم نے پاک۔ سعودی بے مثال برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو نمایاں طور پر اجاگر کیا۔ سعودی عرب کے اپنے حالیہ دورہ کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ان کے وفد کی سعودی ولی عہد نے بہت پذیرائی کی۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ پاکستان ان کے دل کے  بہت قریب ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستانی وفد کی پرجوش پذیرائی کو الفاظ میں بیان  نہیں کیا جا سکتا۔ وزیراعظم نے کہاکہ جب بھی پاکستان پر مشکل وقت آیا سعودی عرب نے دل کھول  کر پاکستان کا ساتھ دیا۔ فیصل مسجد  سے لے کر سیرت میوزیم کے قیام  کے منصوبہ جات پاکستان سے سعودی عرب کی محبت  کا عملی ثبوت ہیں۔ وزیراعظم نے بتایا کہ بہت جلد اعلیٰ سطح کا سعودی  وفد پاکستان  کا دورہ  کرے گا۔ اسلاموفوبیا کا ذکرکرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ کیا جاتا رہا ہے۔ سیرت میوزیم  اسلامو فوبیا کے ناپاک پراپیگنڈہ کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم نے خطاب کے آخر میں عربی زبان میں سعودی وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا " میں ایک بار پھر آپ کو پاکستان میں، جو آپ کا دوسرا گھر ہے، خوش آمدید کہتا ہوں"۔ وزیراعظم نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل کا پاکستان کے دورے اور تقریب میں شرکت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن