بونیر میں آپریشن، فائرنگ تبادلہ، 2 جوان شہید، مطلوب دہشت گرد سرغنہ سلیم عرف ربانی ہلاک، 2 زخمی
راولپنڈی + اسلام آباد+ پشاور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ بیورو رپورٹ) ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بونیر ضلع میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد انتہائی مطلوب دہشتگرد سرغنہ سلیم عرف ربانی واصل جہنم ہوگیا جبکہ دو دیگر دہشتگرد زخمی ہوگئے ترجمان آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشتگرد سلیم عرف ربانی سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی متعدد سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے علاوہ معصوم شہریوں سے بھتہ خوری اورٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا اور حکومت نے اس کے سر کی قیمت پانچ ملین روپے مقرر کر رکھی تھی ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران مادر وطن کے دو بہادر سپوت لانس حوالدارمدثر محمود (36 سال سکنہ ضلع راولپنڈی) اور لانس نائیک حسیب جاوید (27سال ، سکنہ ضلع پونچھ آزاد جموں و کشمیر) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا علاقے میں کسی دیگر دہشتگردوں کی موجودگی کے خاتمے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے ترجمان آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کی لعنت کا صفاٰیا کرنے کا عزم کر رکھا ہے اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں ۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ضلع بونیر میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے پاک فوج کے 2 جوانوں کو خراج عقیدت کیا ہے محسن نقوی نے کہا کہ شہید حوالدار مدثر اور لانس نائیک حسیب نے بہادری کے ساتھ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایاوفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جوانوں نے قوم کے امن کی خاطر شہادت کا بلند رتبہ پایا، شہداء نے اپنے قیمتی لہو سے امن کی آبیاری کی ہے ۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم پرعزم ہے ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے غیرمتزل عزم کو شکست نہیں دے سکتیں۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق شہید حوالدار مدثر محمود ، اور لانس نائیک حسیب جاوید کی نماز جنازہ بونیر میں ادا کر دی گئی، جنازہ میں پاک فوج کے سینئر افسران جوانوں مقامی افراد اور پولیس عہدیداروں نے شرکت کی ، جسد خاکی آبائی علاوقں کو روانہ کر دی گئیں، فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کی جائیگا۔