بڑھتا بحران صنعت کی مکمل بندش،بیروزگاری ،بدامنی کا باعث بنے گا:پی ایس ایم اے
لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان سٹیل میلٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے آغاز میں ہی پاکستان سٹیل میلٹرز ایسوسی ایشن نے وزارت خزانہ، وزارت پاور ڈویژن اور چیئرمین ایف بی آر کو سٹیل میلٹنک صنعت کو درپیش رکاوٹوں اور اس کے بقا کیلئے ٹھوس تجاویز پیش کی تھی۔ تاہم، بدقسمتی سے حکومت کی طرف سے کوئی توجہ نہ دی گئی۔ مزید برآں ایسوسی ایشن کے اراکین کے ساتھ ملاقاتوں کی متعدد درخواستوں کا وزراء نے کوئی جواب نہیں دیا۔ مہنگی بجلی، غیر متوقع کیو ٹی اے اور ایف سی اے، غیر رجسٹرڈ فرنسسز کی بجلی چوری، سمگلنگ، ایل سی کھولنے میں مشکلات، بلند شرح سود، سیلز ٹیکس کے تعین کا نظام، شوگر ملز اور فاٹا پاٹا کی فرنسسز سے غیر منصفانہ مقابلہ، مصری شاہ لاہور اور شیر شاہ کراچی کے ٹیکس چور سکریپ ڈیلر، سٹیل میلٹنگ صنعت کیوجود کیلئے بڑا خطرہ ہیں۔ ان حالات میں ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ بڑھتا ہوا بحران صنعت کی مکمل بندش کے ساتھ ساتھ بے روزگاری اور مزدور طبقے میں بدامنی کا باعث بنے گا۔