• news

قیدی نمبر 804 ہمیشہ سے ہی لاڈلہ رہا ، حکومت مدت پوری کریگی:رانا تنویر

 فیروزوالہ(نامہ نگار)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار اور نیشنل فوڈ سکیورٹی، رکن اقتصادی رابطہ کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ قیدی نمبر 804 ہمیشہ سے ہی لاڈلہ رہا ہے اور ہماری عدلیہ اسے ’’ گڈ ٹو سی یو‘‘ کہہ کر استقبال کرتی رہی ہے اور آج بھی اسے سہولت کاری حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اتحادی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور دما دم مست قلندر والے پرانے کام پر رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیمپ افس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم این اے رانا احمد عتیق انور اور ضمنی انتخابات میں امیدوار پنجاب اسمبلی رانا افضال حسین، اور دیگرار کان بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں ملکی معاملات بہتر کرنے کی کوشش جاری ہے اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان ترقی کی منازل طے کرنا شروع کر دے گا۔ ایران کے ساتھ زرعی پیداوار سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا جبکہ صنعتی ترقی کیلئے شرع سود میں کمی لانے کی کوشش کی جائے گی۔ گرین لینڈ کے تحفظ کیلئے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے بڑھتے کاروبار کو قانونی دائرے میں لا کر فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن