پاکستان، نیوزی لینڈ سیریز، میچ آفیشلز کا اعلان، احسن رضا، علیم ڈار شامل
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کیلئے میچ آفیشلز کے ناموں کا اعلان کردیا ‘سیریز 18 سے 27 اپریل تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائیگی۔احسن رضا اور علیم ڈار سمیت پانچ امپائرز سیریز کے میچز سپر وائز کریں گے جن میں آصف یعقوب، راشد ریاض اور فیصل آفریدی بھی شامل ہیں،زمبابوے کے اینڈی پائی کرافٹ آئی سی سی کے میچ ریفری کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دیں گے۔67سالہ پائی کرافٹ 144 ٹی ٹونٹی میچز میں ریفری کی ذمہ داریاں نبھاچکے ہیں اور پانچوں میچوں میں ذمہ داری نبھاکر وہ سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی میچوں میں میچ ریفریرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آجائیں گے۔ نیوزی لینڈ کے جیف کرو 175 اور سری لنکا کے رنجن مدوگالے 145 ٹی ٹونٹی میچوں میں میچ ریفری کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔49سالہ احسن رضا اسوقت آئی سی سی کے امپائرز کے ایلیٹ پینل میں شامل ہیں اور انہیں ٹی ٹونٹی کی تاریخ میں سب سے زیادہ 74 ٹی ٹونٹی میچوں میں فیلڈ امپائرنگ کا اعزاز حاصل ہے۔55سالہ علیم ڈار جو آئی سی سی کے ایلیٹ پینل کا حصہ رہ چکے ہیں ابتک 70ٹی ٹونٹی میچوں میں فیلڈ امپائرنگ کا تجربہ رکھتے ہیں۔ فیصل آفریدی، آصف یعقوب اور راشد ریاض آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل میں شامل ہیں۔احسن رضا اور علیم ڈار 18اپریل کو راولپنڈی میں کھیلے جانیوالے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں آن فیلڈ امپائرز ہونگے،فیصل آفریدی ٹی وی امپائر ہونگے جبکہ راشد ریاض ریزرو امپائر ہونگے۔ 20اپریل کو راولپنڈی میں ہونیوالے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ کے آن فیلڈ امپائرز آصف یعقوب اورعلیم ڈار ہونگے،احسن رضا ٹی وی امپائر جبکہ فیصل آفریدی ریزرو امپائر ہونگے۔ 21اپریل کو راولپنڈی میں تیسرے ٹی ٹونٹی میں آن فیلڈ امپائرنگ کی ذمہ داری احسن رضا اور آصف یعقوب کے سپرد کی گئی ہے۔ راشد ریاض ٹی وی امپائر ہونگے جبکہ علیم ڈار ریزرو امپائر ہونگے۔25اپریل کو لاہور میں کھیلے جانیوالے چوتھے ٹی ٹونٹی کے آن فیلڈ امپائرز فیصل آفریدی اور راشد ریاض ہونگے۔ ٹی وی امپائرآصف یعقوب جبکہ ریزرو امپائر احسن رضا ہونگے۔ 27اپریل کو لاہور میں ہونیوالے پانچویں ٹی ٹونٹی میچ میں آن فیلڈ امپائرز کے طور پر راشد ریاض اور فیصل آفریدی کی تقرری کی گئی ہے۔ علیم ڈار ٹی وی امپائر ہونگے جبکہ آصف یعقوب ریزرو امپائر ہونگے۔نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم رات 2 بجے اسلام آباد پہنچ گئی۔دورہ پاکستان کیلئے دبئی میں موجود نیوزی لینڈ کے ٹی ٹونٹی سکواڈ نے مقامی ہلز گالف کلب پر گالف کھیلی۔ پاکستانی ٹی ٹونٹی سکواڈ کو رات 10 بجے تک اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کا پریکٹس سیشن 15، 16 اور 17 اپریل پنڈی سٹیڈیم میں شیڈول ہے۔17 اپریل کو دونوں ٹیموں کے کپتان ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں شریک ہوں گے جبکہ پریس کانفرنس کا بھی انعقاد ہوگا۔قومی کرکٹرز آج شام اسلام آباد کے ٹیم ہوٹل میں رپورٹ کریں گے۔ سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی عید کی چھٹیوں کے بعد پنڈی پہنچ کر سیریز کی تیاری شروع کریں گے۔