وزیراعلیٰ خیبر پی کے کی عید پیکج پر تصویر شائع کرنا اپنے موقف کی نفی : عارف سندھیلہ
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ حکومت کی طرف سے عوام کو دیئے گئے عید پیکج پر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی تصویر شائع کرنا قول و فعل میں تضاد کا کھلا ثبوت ہے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ عوام کے ہر دلعزیز قائد میاں محمد نواز شریف کی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے رمضان نگہبان پیکج پر تصویر شائع ہونے پر واویلہ مچانے والوں نے بے جاء تنقید کرکے ان کی سیاسی مقبولیت کم کرنے کی ناکام کوشش کی اوراب عید کے موقع پر کے پی کے کی حکومت نے علی امین گنڈا پور کی تصویر عید پیکج پر شائع کرکے اپنے ہی موقف کی نفی کی ہے جو کھسیانی بلی کھمبا نوچے کی مثال کے مترادف ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ کے لاکھوں غریب گھرانوں کو مثالی ریلیف پیکج دیا۔