وزیر آباد: پولیس کی بھاری نفری‘ حامد ناصر چٹھہ کی حویلی کا کئی گھنٹے گھیراؤ‘ فیملی محصور
وزیر آباد (نامہ نگار) پولیس نے کئی گھنٹے حامد ناصر چٹھہ کی حویلی کا گھیراؤ کئے رکھا‘ فیملی محصور ہو کر رہ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی آپریشن گوجرانوالہ، ایس پی صدر، ڈی ایس پیز سمیت ایلیٹ فورس اور پنجاب پولیس کے سو سے زائد اہلکاروں نے رات بارہ بجے کے بعد حویلی کا گھیرائو کر لیا اور تمام بیرونی راستوں پر گاڑیاں کھڑی کر کے مکمل طور پر بلاک کر دیئے گئے جسکی وجہ سے سابق سپیکر قومی اسمبلی چوہدری حامد ناصر چٹھہ اور ان کی فیملی حویلی میں مکمل محصور ہو گئی۔ ریڈ کی خبر سنتے ہی کارکنان کی کثیر تعداد بھی پہنچ گئی اور انہوں نے واقعہ پر شدید مذمت کی اور غم و غصے کا اظہار کیا۔ پولیس کے موقف کے مطابق محمد احمد چٹھہ اور فیاض چٹھہ کی طرف سے ریلی کی اطلاع تھی جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی‘ سابق سپیکر قومی اسمبلی چوہدری حامد ناصر چٹھہ نے کہا کہ فیاض چٹھہ کی یقینی کامیابی پر پنجاب گورنمنٹ اوچھے ہتکھنڈوں پر اتر چکی ہے، پہلے ہمارے پانچ ہزار کے ووٹروں کو لسٹ سے غائب کروایا اور پولنگ سٹیشن تک تبدیل کرتے ہوئے دور دراز یونین کونسل میں شامل کئے گئے اب پولیس کی مدد سے ہماری رہائش گاہ کو مکمل بند کرا کے بدترین دہشت گردی کی جا رہی ہے۔ محمد احمد چٹھہ نے تمام کیسوں میں ضمانت لے رکھی ہے۔ پولیس کی طرف سے ریڈ صرف الیکشن کمپین روکنے اور ہراساں کرنے کے لئے ہے۔ عوام 21 تاریخ کو ہر صورت باہر نکلے اور اس بدترین جارحیت کا ووٹ کی پرچی کے ذریعے منہ توڑ جواب دے گی۔