تعلیمی بورڈز میں مستقل چیئرمینوں کی تعیناتی کا فیصلہ نہ ہو سکا
راولپنڈی(آئی این پی)تعلیمی بورڈز میں مستقل چیئرمینوں کی تعیناتی کا فیصلہ نہ ہو سکا، جولائی 2022سے کمشنرز کو عارضی چارج دے کر کام چلایا جا رہا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق حکومت کی تبدیلی کے باوجود تعلیمی بورڈز میں مستقل چیئرمینوں کی تقرری کا کام مکمل نہ ہوا، لاہور سمیت پنجاب کے آٹھ بورڈز میں کمشنرز کو چیئرمین بورڈ کا اضافی چارج دیا گیا ہے، جولائی 2022میں سات بورڈز کے چیئرمین عہدے سے سبکدوش ہوئے جس کے بعد اشتہار تو دیا گیا مگر انٹرویوز نہ ہو سکے۔راولپنڈی اور لاہور میں مستقل چیئرمین تھے مگر گزشتہ سال لاہور بورڈ کے چیئرمین کے عہدے پر کام کرنے سے انکار کے بعد ڈی پی آئی کالجز کو اضافی چارج دے دیا گیا اور اب نقل سکینڈل کے بعد چیئرمین لاہور بورڈ اور کنٹرولر امتحانات کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ تعلیمی بورڈز میں مستقل چیئرمین نہ ہونا بھی امتحانات میں نقل اور بدانتظامی کی بڑی وجہ ہے۔پنجاب ٹیچرز یونین کے جنرل سیکرٹری رانا لیاقت کا کہنا ہے کہ مستقل چیئرمین نہ ہونے سے تعلیمی بورڈز میں انتظامی بحران ہے، کمشنرز کو اضافی چارج دینے سے بھی امور متاثر ہو رہے ہیں۔