کلر کہار، ہارون آباد، حب میں ٹریفک حادثات، 13 افراد جاں بحق
اسلام آباد، حب، ہارون آباد (نوائے وقت رپورٹ + نمائندگان) ٹریفک حادثات میں میاں بیوی بیٹے سمیت 8افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق حادثہ کلر کہار میں موٹر وے پر بس کو پیش آیا، بس میں 45 افراد موجود تھے۔ حادثے میں دو افراد جاں بحق اور پندرہ زخمی ہوگئے، جن میں 13 معمولی زخمی ہیں تاہم دو زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ چشمہ بیراج اڈا ملی خیل کے قریب ویگن نے موٹر سائیکل پر سوار فیملی کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار اور 2 خواتین دم توڑ گئے‘ جاں بحق ہونے والی فیملی کا تعلق واں بھچراں سے بتایا جاتا ہے۔ ہارون آباد کے نواحی علاقہ مبارک آباد کے قریب کار اور موٹر سائیکل میں تصادم سے دو افراد جاں بحق ہوئے۔ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے ارشد اور شاہد 69 فور آر کے رہائشی تھے۔ حب کے قریب تیز رفتار کار الٹ گئی جس سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ حادثے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے۔