• news

معیشت ترقی کی طرف گامزن ، روٹی آج سے 16روپے لی کردی مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ الحمدْللّہ، حکومت پنجاب نے آج سے روٹی کی قیمت کم کر کے 16 روپے فی روٹی مقرر کر دی ہے۔ پنجاب کے تمام اضلاع اور متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ اس فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ مریم نواز شریف نے معاشی اشاریے بہتر ہونے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد محمد نواز شریف کی رہنمائی میں پاکستانی معیشت پھر ترقی کی طرف گامزن ہو رہی ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت معاشی پالیسیوں کے ثمرات نمایاں ہو رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بجلی کے نرخ اور مہنگا ئی کم ہونے سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔ آئی ایم ایف، ایشین ڈویلپمنٹ بنک سمیت بڑے عالمی مالیاتی ادارے بھی پاکستان کی معاشی پالیسیوں کے معترف ہیں۔ تاریخ میں پہلی بار سٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس 70 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبریاں منتظر ہیں۔ آئندہ سال ان شاء اللہ مہنگائی کی شرح کم ہو کر 12.2 فیصد ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار 20 کلوگرام آٹے کی قیمت میں 500 روپے کی کمی ہوئی۔ آٹے کے قیمت میں مارکیٹ انڈیکیٹرز کے مطابق مزید 300 روپے کمی متوقع ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بیساکھی پنجاب کی منفرد ثقافت کی پہچان ہے۔ ڈھول کی تھاپ پر درانتی سے گندم کی سنہری فصل کاٹ کر بیساکھی کاآغاز ہوتا ہے تو خوشیاں ہر سو پھیل جاتی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بیساکھی پر پیغام میں کہا کہ بیساکھی خوشیوں سے مہکتا تہوار ہے، سب بہن بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ پنجاب میں بیساکھی منانے کیلئے آنے والے سکھ بہن بھائیوں کو جی آیاں نوں کہتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پاکستانی پھر ٹھیٹھ پنجابی ہوں، پنجاب دل میں بستا ہے۔ پنجاب میں سکھ یاتریوں کو مذہبی اور ثقافتی سیا حت کے لئے بہترین سہولتیں دے رہے ہیں۔راولپنڈی سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق ڈپٹی کمشنرلاہور اور  راولپنڈی نے روٹی اور نان کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا نوٹیفکیشن کے مطابق 100 گرام روٹی تندوری کی قیمت 16 روپے اور 120 گرام وزنی نان کی قیمت 20 روپے مقرر کی گئی ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن