• news

5ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا روڈ میپ طے کرنے سعودی وفد آج پاکستان آئیگا

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود کی سربراہی میں سعودی سرمایہ کاروں اور اقتصادی ماہرین کا اعلیٰ سطح کا وفدآج 15 اپریل کو پاکستان کا دورہ کرے گا۔ سعودی وفد پاکستان میں ریکوڈیک، دیا میر بھاشا ڈیم ، چھوٹی آئل ریفائنریز کی توسیع سمیت مائیننگ و سیاحت کے شعبوں میں پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے میٹینگز کر کے روڈ میپ طے کرے گا۔ دو ہفتوں کے بعد مئی میں سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی بھی پاکستان آمد متوقع ہے جس کے دوران معاہدوں کو حتمی شکل دی جائے گی اور پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کا آغاز ہو جائے گا۔ پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کے لیے سعودی عرب کا یہ اعلیٰ سطحی وفد جس میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے علاوہ سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفصیل خالد، وزیر صنعت، وزیر توانائی سمیت دیگر وزراء، سرمایہ کار اور اقتصادی ماہرین شامل ہوں گے پاکستان پہنچ رہا ہے۔ وفد پاکستانی ہم منصبوں سے دیا میر بھاشا ڈیم منصوبے، چنیوٹ میں مائیننگ منصوبے، خیبر پی کے میں دو سیاحتی زونز بنانے کے منصوبوں، ریکوڈیک کے ایک ارب ڈالر کے شیئرز خریدنے، تیل کی صفائی کے لیے چھوٹی آئل ریفائنریز کے منصوبوں میں توسیع اور خیبر پی کے میں مائننگ کی دو لیزیز کے منصوبوں پر بات چیت و معاہدے کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن