ایرانی ردعمل،سیخ پا ممالک غزہ و مقبوضہ کشمیر میں بدترین مظالم پر کیوں مہر بلب ہیں : آغا سید حسین مقدسی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے کہا ہے کہ ایرانی ردعمل پر سیخ پا ہونے والے ممالک و ادارے غزہ و مقبوضہ کشمیر میں بدترین مظالم پر کیوں مہر بلب ہیں۔ عالمی امن کے ذمہ دار اداروں کا منافقانہ رویہ دنیا میں جنگ و جدل کی بنیادی وجہ ہے۔ اقوامِ متحدہ عالمی استعماری جارحیت کو روکنے کے بجائے اسے جواز فراہم کرنے کے کام آ رہی ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ مسلم امہ دنیا میں دہشتگردی اور اسکی سرپرستی کے مرتکب شیاطینِ ثلاثہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت کیخلاف مشترکہ حکمت عملی اختیار کرے۔
اگر مسلم ممالک متحد نہ ہوئے تو ایک کے بعد دوسرے اور پھر تیسرے کی باری آتی رہے گی۔ وطنِ عزیز پاکستان کو نظریہ اساسی اور امتِ مسلمہ کی واحد ایٹمی طاقت ہونے کی سزا دینے کیلئے دہشتگردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ماضی میں دہشتگردوں کو مراعات کے ذریعے مطمئن کر کے دہشتگردی سے باز رکھنے کی کوششوں کے بجائے اگر نیشنل ایکشن پلان کے مطابق تمام کالعدم دہشتگرد جماعتوں اور انکے سہولت کاروں پر عملی پابندی عائد کر دی جاتی تو دہشتگردی کی آگ پر قابو پایا جا چکا ہوتا۔ ملک کے اندر موجود کالعدم دہشتگرد جماعتیں پاکستان دشمن بیرونی ایجنسیوں کیلئے مقامی سہولت کاری کا کام کر رہی ہیں۔