اسلامی ممالک کو اسرائیلی دہشتگردی کو پوری قوت سے روکنا ہوگا:مولانا امجد
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تمام اسلامی ممالک کو ایک ہو کر اسرائیل کی جارحیت اور دہشت گردی کو پوری قوت سے روکنا ہوگا۔ اس نے تو انسانیت کے حقوق کی دھجیاں ہی نہیں اڑائیں بلکہ انسانیت کا اتنا خون بہایا اور اس قدر ظلم کیا ہے کہ تاریخ اس طرح کی مثالیں موجود نہیں ہیں۔ یہ باتیں جے یو آئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے مختلف وفود اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا محمد امجد خان نے کہا کہ ایک اسلامی ملک نے کھڑے ہو کر اسرائیل پر حملے کی وارننگ دیدی تو یقینی طور پر اسرائیل میں اتنی جرأت نہیں کہ اسلامی ملک کا مقابلہ کر سکے۔ ایران کا اسرائیل پر جوابی ڈرون حملہ خوش آئند ہے لیکن ایک ملک کی جانب سے نہیں بلکہ تمام ممالک کو سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر میدان میں آنا ہوگا۔ پاکستان کے معاشی اور سیاسی حالات کی بہتری کیلئے اور امن کے قیام کی ضروری ہے کہ پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔
۔ نوشکی کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل نفرت و مذمت ہے۔ حکومت عوام کے جان مال کے تحفظ کیلئے صرف بیانات ہی نہ دے بلکہ عملی اقدامات کرے۔ مولانا محمد امجد خان نے کہا کہ پشین کے جلسے میں مختلف لوگوں کی مختلف بولیاں قابل افسوس بھی اور قابل مذمت بھی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جے یو آئی 20اپریل کو ایک تاریخ ساز جلسہ کرے گی جس سے جے یو آئی کے سر براہ مولانا فضل الرحمن قوم کے سامنے لائحہ عمل رکھیں گے۔