پاکستان کرکٹ بورڈ میں سیاسی بھرتیوں کی فہرست طلب، اہم فیصلے متوقع
لاہور(سپورٹس رپورٹر)محسن نقوی نے پاکستان کرکٹ بورڈ میں سیاسی بنیادوں پر بھرتیوں کی فہرست طلب کر لی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ملازمین کی موجودہ پوسٹنگ، عہدوں اور تنخواہ کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ذرائع کے مطابق پی سی بی میں قواعد و ضوابط کے بغیر بھرتی ہونے والوں کی تعلیمی اسناد کو بھی چیک کرایا جائیگا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر ملازمین کا ریکارڈ مرتب کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور رواں ہفتے اس حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔ اس سلسلے میں پی سی بی میں رائٹ مین فار رائٹ جاب کے فارمولے پر عمل کیا جائیگا اور لابنگ یا سفارشی کلچر کی حوصلہ شکنی کی جائیگی۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی ادارے میں سمارٹ ٹیم اور سمارٹ آپریشنز کیلئے فوری اقدامات کریں گے۔