• news

بیساکھی میلہ پنجاب کی ثقافت کا حصہ بن چکا ، خواجہ آصف

حسن ابدال (نمائندہ نوائے وقت)بیساکھی میلہ پنجاب کی ثقافت کا حصہ بن چکا ہے۔مذاہب کی قید سے نکل کر ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونا چاہیے۔میرج ایکٹ کا قانون آئندہ ماہ سے لاگو ہو جائے گا جس کے بعد بہت سے مسائل ختم ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں جاری میلہ بیساکھی میں رسم بھوگ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کو مکمل آزادی کے ساتھ اپنی مذہبی رسومات انعقاد کرنے کی اجازت حاصل ہے اور حکومت پاکستان کی جانب سے مندر اور گوردواروں کی تعزین و آرائش پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے یاتری ہمارے مہمان ہیں جن کی جان و مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرج ایکٹ کا قانون آئندہ ماہ سے لاگو ہو جائیگا جس سے بہت سے مسائل کا از خود خاتمہ ہو جائے گا۔ اس سے قبل رسم بھوگ میں شرکت کے موقع پر انہیں سروپا نا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔ بیساکھی میلہ میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے ہزاروں کی تعداد میں یاتری گوردوارہ سری پنجہ صاحب پہنچے ہیں۔گذشتہ رات بھارت سے 25سو کے قریب یاتریوں کو تین خصوصی ٹرینوں کے ذریعے ریلوے اسٹیشن حسن ابدال جبکہ بعدازاں سخٹ ترین سیکورٹی حصار میں خصوصی بسوں کے ذریعے گوروادرہ سری پنجہ صاحب پہنچایا گیا جو اپنی مذہبی رسومات میں شرکت کے بعد آج 15 اپریل کو حسن ابدال سے روانہ ہو جائیں گے۔ اس موقع پر تمام قانون نافظ کرنے والے اداروں کی جانب سے سخت ترین سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں جن کی نگرانی ڈی پی او اٹک خود کر رہے ہیں۔بھارت سے آنے والے یاتریوں نے حکومت کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن