بھٹو کے جمہوری اصولوں کی ہمیشہ پاسداری کریں گے:خورشید شاہ
اسلام آباد(خبر نگار خصوصی) پیپلز پارٹی کے سنئیر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید ایک عہد ساز شخصت تھے اور وہ ملک و قوم کیلئے اپنی بے مثال خدمات کی بدولت آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو انسان دوست اور جمہوریت پسند رہنما تھے اور انہوں نے ملک کو ترقی، امن اور سلامتی کے ایک نئے عہد سے روشناس کروایا۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے جمہوریت کا قیام، متفقہ آئین، ایٹمی طاقت کے حصول اور پاک چین دوستی کیلئے نمایاں خدمات سرانجام دیں۔ خورشید شاہ نے کہا ہم ذوالفقار علی بھٹو کی خدمات پرانہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ ہم انکے جمہوری اصولوں اور سیاسی روایات کی ہمیشہ پاسداری کریں گے اور ملک کی سلامتی اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔