عوام کا معیار زندگی بلند کرنا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے: عارف سندھیلہ
شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی دن رات کی کوششوں سے پنجاب میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ صوبائی حکومت میاں نواز شریف کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے عوامی خدمت کا فریضہ احسن طریقے سے انجام دے رہی ہے۔ اپنے ایک بیان میں محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے عوام سے جو وعدے کیے تھے انہیں پورا کیا جائے گا، صوبائی حکومت کی اولین ترجیح عوام کا معیار زندگی بلند کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو جن چیلنجز کا سامنا ہے ان سے نمٹنے کے لیے بحثیت قوم ہمیں متحد ہونا ہوگا۔ تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر اجتماعی سوچ کو فوقیت دینا ہوگی تاکہ اقوام عالم میں ہم بحیثیت پاکستانی مثالی قوم کے طور پر سامنے آسکیں۔