امن دشمنوں کے خلاف جنگ صرف سیکورٹی فورسز ریاست کی ہے وزیراعلی بلوچستان
کوئٹہ (این این آئی)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف یہ جنگ صرف سیکورٹی فورسز کی نہیں ہے، امن دشمنوں کے خلاف یہ جنگ ریاست کی جنگ ہے۔وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں سانحہ نوشکی کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔کوئٹہ میں ہونے والے اجلاس میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس، چیف سیکریٹری بلوچستان سمیت اعلیٰ سول و عسکری افسران نے شرکت کی، کمشنر اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) رخشان ڈویڑن نے سانحہ نوشکی سے متعلق اجلاس میں بریفنگ دی۔اجلاس میں نوشکی واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سیکورٹی پلان کو از سر نو مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف یہ جنگ صرف سیکورٹی فورسز کی نہیں ہے۔ امن دشمنوں کے خلاف یہ جنگ سیاستدان، سول آرمڈ فورسز، بیوروکریسی ، عدلیہ، میڈیا سب نے لڑنی ہے۔انہوںنے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف ریاست کی اس جنگ کو سیاسی ذمہ داری اور مشترکہ لائحہ عمل کے ساتھ لڑیں گے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے سانحہ نوشکی کے شہدا کے لواحقین کو 7 روز میں معاوضوں کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔