• news

پشاور ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے حلف اٹھا لیا

پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ نومنتخب چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم سے سینئر جج جسٹس اعجاز انور نے حلف لے لیا۔ قائم مقام چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم 2 دسمبر 1969ء کو پشاور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1992ء میں خیبر لاء کالج سے ایل ایل بی کیا، انہوں نے وکالت کا آغاز 1993ء  میں ذیلی عدالتوں سے کیا، بعد ازاں 1995ء میں ہائی کورٹ اور پھر 2008ء میں بطور ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کے لائسنس حاصل کئے۔ قائم مقام چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم 99-1998ء میں پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکرٹری اور 8-2007ء میں بطور جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے جبکہ وہ 14-2013ء میں پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوئے۔ جسٹس اشتیاق ابراہیم یکم جون 2018ء میں پشاور ہائیکورٹ کے مستقل جج بنے۔ وہ 1999ء سے 2000ء تک اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل خیبر پی کے رہے، جبکہ 2008ء سے 2010ء تک ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبر پی کے رہے۔ واضح رہے کہ 12 اپریل کو پشاور ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس اشتیاق ابراہیم کو قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعینات کردیا گیا تھا۔ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس محمد ابراہیم خان 14 اپریل کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے۔

ای پیپر-دی نیشن