خیبر پی کے میں بارش:متعددگھرمنہدم،حادثات میں 19جاں بحق،25زخمی،پاک فوج کی ریسکیوکاروائیاں جاری
پشاور‘ ڈی آئی خان (بیورو رپورٹ+ نامہ نگار) خیبر پی کے میں وقفے وقفے سے جاری بارشوں کے باعث متعدد مکانات منہدم ہو گئے۔ چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں 19 افراد جاں بحق جبکمہ 25 زخمی ہوگئے۔ پی ڈی ایم اے نے مزید بارشوں کی پیش گوئی اور الرٹ جاری کر دیا ہے۔ دوسری طرف پاک فوج کی طرف سے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔ تفصیل کے مطابق پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں گزشتہ چار دنوں سے جاری بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جار کر دی جس میں بتایا گیا ہے کہ تیز بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں ابتدائی رپورٹ کے مطابق 11 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور پر 85 مکانات کو نقصان پہنچا جن میں 15 گھروں کو مکمل جبکہ 70 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ تیز بارش کے باعث جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع دیر اپر‘ چترال لوئر‘ سوات‘ ملاکنڈ اور باجوڑ میں رونما ہوئے۔ دوسری جانب پسنی میں وارڈ نمبر 5میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 4بچوں سمیت 6افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔ ادھر کرک میں بارش سے کمرے کی چھت گرگئی جس سے 13سالہ لڑکی ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئی اور تین افراد زخمی ہوئے۔ باڑہ میں کمرے کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق جبکہ 4 شدید زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔ ٹانک کے دور دراز علاقہ عمر خیل اور اما خیل کے درمیانی علاقہ میں واقع روڈ سوہیلی میں پک اپ برساتی پانی میں بہہ گئی جس کے نتیجہ میں دو بچوں سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ چار زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر رورل ہیلتھ سنٹر اما خیل میں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹانک منتقل کر دیا گیا۔ چکدرہ لوئر دیر کے علاقے اسبنڑ سخاونو میں بارش کے باعث گھر کی چھت گر گئی۔ حادثے میں 2 بچے جاں بحق اور 3 افراد شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں اور لاشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکدرہ منتقل کر دیا گیا۔ خیبر میں فرنٹیئر روڈ پر مکان کی چھت گرنے سے چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچی بھی شامل ہے۔ چھت گرنے سے زخمی 5 افراد پشاور میں زیرعلاج ہیں۔ پشاور میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد نالے ابل پڑے اور کئی نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔ چارسدہ روڈ‘ بڈھنی اور وارسک روڈ پر پانی گھروں میں داخل ہو گیا جس کے باعث شہری گھروں میں محصور ہو گئے۔ مغربی ہوائوں کا نیا سلسلہ کل پاکستان میں داخل ہوگا جس کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں طوفانی بارشیں متوقع ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کا نیا سلسلہ کل رات بلوچستان میں داخل ہوگا جو 17 اپریل کو بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں پھیل جائے گا۔ 18 اپریل کو ہوائوں کا یہ سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں پھیل جائے گا اور خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان سمیت آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بھی بارش ہوگی۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔ مری میں موسلادھار بارشوں کے باعث مری راولپنڈی جی ٹی روڈ بروری کے مقام سے شدید لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں ہے۔ سڑک کا ایک بڑا حصہ زمین میں دھنستا جارہا ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو کر رہ گئی۔ پلیاں نالیاں بند ہونے سے پانی سڑکوں پر بہنے لگا۔ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ اور خستہ حالی اور مرمت نہ ہونے کی وجہ سے ندی نالوں کا منظر پیش کر رہیں ہیں۔ پاک فوج کا سوات‘ دیر اور چترال میں شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ چترال اور سوات کے مختلف علاقوں میں رابطہ سڑکیں زیرآب آنے کے بعد ہنگامی بنیادوں پر آپریشن کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ اور دیگر ریسکیو اداروں کے ساتھ مل کر پاک فوج نے کئی رابطہ سڑکوں کو بحال کر دیا۔ پاک فوج نے بھاری مشینری سے لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ چترال پشاور روڈ پر ٹریفک بحال کر دی۔ پاک فوج کی جانب سے مسافروں اور سیاحوں کو مدد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ پاک فوج شدید بارشوں کے دوران عوام کی خدمت کیلئے متحرک ہے۔سوات کے علاقے منگلور میں گھر کی چھت گر گئی۔ گھر کے ملبے تلے دب کر دو چچا زاد بھائی جاں بحق ہو گئے۔ کلر سیداں میں موسلادھار بارش، آسمانی بجلی گرنے سے دو گھروں کو نقصان پہنچا، نصف درجن سے زائد گھروں کی وائرنگ دو ٹرانسفارمر بھی جل گئے۔ ایک خاتون بھی زخمی ہو گئی۔ گاؤں نورو دلال میں عارف قریشی کی گائے ہلاک ہو گئی جبکہ گاؤں بھاٹہ میں بجلی کا ٹرانسفارمر بھی جل گیا۔ ادھر ٹانک میں سیلابی ریلے میں مسافر وین بہہ جانے سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔