• news

روٹی 16 روپے کی اور 20 کلو آٹا 500 روپے سستا


وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ الحمدللہ حکومت پنجاب نے روٹی اور نان کی قیمت کم کر کے روٹی 16 روپے کی اور نان 20 روپے کا کر دیا ہے جبکہ 20 کلو آٹا 500 روپے سستا کیا گیا ہے۔ پنجاب کے تمام اضلاع اور متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ اس فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ مریم نواز نے معاشی اشاریے بہتر ہونے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد محمد نواز شریف کی رہنمائی میں پاکستانی معیشت پھر ترقی کی طرف گامزن ہو رہی ہے‘ معاشی پالیسیوں کے ثمرات نمایاں ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے نرخ اور مہنگا ئی کم ہونے سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔ آئی ایم ایف، ایشین ڈویلپمنٹ بنک سمیت بڑے عالمی مالیاتی ادارے بھی پاکستان کی معاشی پالیسیوں کے معترف ہیں۔
اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ حکومت پنجاب کی طرف سے روٹی 16 روپے کی اور 20 کلو آٹا 500 روپے سستا کرنے سے عوام کو کچھ ریلیف ضرور ملے گا۔ کوشش کی جانی چاہیے کہ روٹی کا وزن پورا اور آٹے کا معیار عوام کیلئے قابل قبول ہو‘ کیونکہ رمضان پیکیج کے تحت جو آٹا دیا گیا‘ وہ انتہائی ناقص تھا۔اسکے غیرمعیاری ہونے کی عوام کی طرف سے شکایات بھی سامنے آتی رہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے بقول معاشی اشاریئے بہتر ہو رہے ہیں اور معاشی پالیسیوں کے ثمرات بھی نمایاں ہو رہے ہیں مگر حقائق اسکے برعکس نظر آرہے ہیں۔اس وقت سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے جس سے عوام عاجز آچکے ہیں۔ مہنگی بجلی کے بلوں کی ادائیگی ان کیلئے وبال جان بن چکی ہے۔حکومت کو اپنے انتخابی منشور کے تحت 300 یونٹ فری فراہم کرنے کے دعوئوں کو عملی جامہ پہنانا چاہیے۔ بہتر ہوتے معاشی اشاریوں کے ثمرات اگر عوام تک نہیں پہنچ پا رہے تو اس سے یہی عندیہ ملتا ہے کہ مصنوعی مہنگائی کرنے والا مافیا سرگرم ہے جو نہ صرف حکومتی رٹ کو چیلنج کر رہا ہے بلکہ عوام کو ریلیف دینے کی حکومتی کاوشوں کو بھی بے ثمر بنا رہا ہے۔پنجاب حکومت کے نوٹیفکیشن کے باوجود روٹی سستی نہ کرنے والے مافیا کیخلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لانا ہوگی‘ اگر حکومت نے کسی کمزوری کا مظاہرہ کیا تو یہ مافیا مزید طاقتور ہو جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن