• news

پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سعودی وفد پاکستان پہنچ گیا


سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود کی سربراہی میں سعودی سرمایہ کاروں اور اقتصادی ماہرین کا اعلیٰ سطح کا وفد گزشتہ روز پاکستان پہنچ گیا۔ سعودی وفد پاکستان میں ریکوڈک، دیا میر بھاشا ڈیم ، چھوٹی آئل ریفائنریز کی توسیع سمیت مائیننگ و سیاحت کے شعبوں میں پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے میٹینگز کر کے روڈ میپ طے کریگا۔ سعودی عرب کا یہ اعلیٰ سطحی وفد سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے علاوہ سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفصیل خالد، وزیر صنعت، وزیر توانائی سمیت دیگر وزراء ، سرمایہ کاروں اور اقتصادی ماہرین پر مشتمل ہے۔ مئی میں سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی بھی پاکستان آمد متوقع ہے جس کے دوران معاہدوں کو حتمی شکل دی جائیگی۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ برادر سعودی عرب نے پاکستان کی ترقی کے ضامن بیشتر منصوبوں میں سرمایہ کاری کرکے اپنا حصہ ڈالا ہوا ہے جس میں توانائی‘ تعلیم‘ صحت اور دیگر کئی شعبے شامل ہیں۔ معیشت کی بحالی کیلئے بیل آئوٹ پیکیجز کے علاوہ ادھار تیل فراہم کرکے پاکستان کی تیل کی ضروریات پوری کرنے میں بھی مدد گار رہتا ہے۔ادھر‘ عرب امارات کا شماربھی پاکستان کے معتبراور مخلص دوستوں میں ہوتا ہے۔ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں سعودی عرب اور عرب امارات دونوں کا اہم کردار رہا ہے جنہوں نے پاکستان کو غیرمشروط بیل آئوٹ پیکیجز فراہم کئے۔ جب برادر ملک سعودی عرب اور عرب امارات ہمارے ساتھ کھڑے ہیں تو ہمیں مالی معاونت کیلئے کسی اور کی طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں۔سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں کی جانیوالی 5 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری پاکستان کے ساتھ اسکی بے لوث دوستی اور محبت کا بین ثبوت ہے اور پاکستان کے پرامن اور قابل بھروسہ ہونے کی دلیل کے ساتھ ساتھ دوسرے ممالک کے سرمایہ کاروں کیلئے ایک اچھی تصویر ہے جبکہ پاکستان کیلئے ایک خوشگوار ہوا کا جھونکا ہے۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ سرمایہ کاری کیلئے جو روڈ میپ طے ہونے جا رہا ہے‘ اس میں ریکوڈک پر ہونیوالی ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری نہ صرف اہم پیشرفت ہے بلکہ اس سرمایہ کاری سے صوبہ بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کی راہ بھی ہموار ہو گی جو عرصہ دراز سے محرومی کا شکار چلا آرہا ہے۔ اس سرمایہ کاری سے معیشت میں استحکام آئیگااور روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ اس سرمایہ کاری کیلئے سرمایہ کاری کی سہولت کونسل ‘ سپیشل انویسٹمنٹ فیسلی ٹیشن (ایس آئی ایف سی) سرمایہ کاری میں موجود رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے کوشاں ہے جو خوش آئند ہی نہیں‘ اسکی طرف سے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے دوست ماحول فراہم کرنے کی کامیاب کوشش بھی ہے۔ اگر ملک میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہو اور مہنگائی پر قابو پا کر بجلی‘ گیس اور پٹرولیم مصنوعات سستی کردی جائیں جو کاروبار میں اہم کردار ادا کرتی ہیں تو دوسرے ملکوں کے سرمایہ کاروں کیلئے بھی پاکستان پرکشش ملک بن سکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن