رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل سے اسلام آباد میں علماء کی ملاقات
لاہور+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ خبر نگار) رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل محمد بن عبدالکریم کی پاکستان آمد پر علماء کرام نے ان سے ملاقات کی۔ پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی رہائش گاہ پر تقریب میں سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے بھی شرکت کی۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ اور معزز وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ معزز سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کے اس بابرکت تقریب کے انعقاد پر شکر گزار ہیں۔ پاکستانی علماء نے مسلمانوں کی بیداری میں نمایاں ترین کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان کے ایوان بالا اور ایوان زیریں میں علماء کی نمائندگی موجود ہے۔ پاکستانی علماء کا مملکت عربیہ سعودیہ کے ساتھ قدیم روحانی اور برادرانہ تعلق ہے۔ ہمارے فلسطینی بھائی جس وحشیانہ صہیونی بربریت کا سامنا کررہے ہیں اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ دریں اثناء پروفیسر سجاد قمر نے بھی سعودی سفیر کی رہائش گاہ پر رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی اور انہیں اپنی زیر طبع کتاب ’’ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی۔ دور حاضر میں علمبردار امن‘‘ کا سرورق بھی پیش کیا۔ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے پروفیسر سجاد قمر کی علمی خدمات کو سراہا اور کہا کہ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ وسیع بنیاد پر مکالمے کو فروغ دینا چاہئے۔