فواد چودھری کی 4 مقدمات میں 20اپریل تک ضمانت، آئی جی سے آج رپورٹ طلب
لاہور (خبرنگار) انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے چار مقدمات میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی 20 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔ فواد چوہدری اپنی اہلیہ حبا کے ساتھ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے۔ دوسری جانب ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے فواد چودھری کیخلاف مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کیلئے درخواست پر آئی جی پنجاب پولیس کو آج تفصیلی جواب داخل کرانے کا حکم دے دیا۔ دوران سماعت عدالت نے آئی جی پنجاب کو حکم دیا کہ آپ ہمیں تفصیلی جواب دیں کہ ملزم آپ کے پاس جیل میں تھا تو پھر کیوں تفتیش نہیں کی گئی؟۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سی سی پی او لاہور اور دیگر پولیس افسروں کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے آئی جی پنجاب سے استفسار کیا کہ بتایا جائے کہ ملزم کتنے مقدمات میں مطلوب ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے عدالت کو بتایا کہ ہمارے تفتیشی افسر قانون کے مطابق تفتیش کر رہے ہیں، ہم نے مختلف جے آئی ٹیز بنائی ہیں۔ ادھر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ یہ حکومت 5مہینے حکومت پوری کر لے بڑی بات ہے۔ پاکستان میں ٹمپریچر نیچے لانے کی ضرورت ہے، اتنی زیادہ لڑائیاں ہو رہی ہوں تو ملک کو نقصان پہنچتا ہے۔ ہم تو منت ہی کر سکتے ہیں کہ بس اب آگے بڑھیں، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھ کر ٹمپریچر نیچے نہیں آسکتا۔ معیشت کی حالت یہ ہے بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی یہاں انویسٹ کرنے کو تیار نہیں، جب آپ اپنے لوگوں کو ہی قائل نہیں کر پا رہے تو پھر دوسروں کو کیسے کہیں گے کہ یہاں انویسٹ کریں۔ اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ کیا اب بھی آپ کو گرفتاری کا خطرہ کا ہے؟۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں ہر شخص کو ہر وقت خطرہ ہے، میں چار بار جیل سے ہو آیا ہوں۔ اللہ خیر کرے گا۔