لاہور بحالی پلان اگلے مرحلے میں داخل‘ 119 منصوبوں کیلئے پی سی ون تیار
لاہور (خبر نگار) 22 ارب لاگت کا وزیر اعلیٰ پنجاب لاہور بحالی پلان اگلے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ 187 میں سے 119 پی سی ون تیار کر لئے گئے ہیں جن کو جائزہ کے لیے نیسپاک ماہرین کو بھجوایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر ایم سی ایل رافعہ حیدر کی زیر صدارت میونسپل کارپوریشن انفرا ٹیم کا اجلاس ہوا۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے بتایا کہ بقیہ 68 ترقیاتی سکیموں کے پی سی ون بھی جلد مکمل کرلئے جائیں گے۔ تمام پی سی ون نیسپاک کی انجینئرنگ ٹیم کو جانچ کے لئے جمع کروائے جائیں گے۔ نیسپاک انجینئرز کی تسلی کے بعد اگلا لائحہ عمل شروع کیا جائے گا۔ بلدیہ عظمیٰ اور واسا ٹیموں کی مشاورت سے تیار پی سی ون کو نیسپاک ٹیکنیکل بنیادوں پر چیک کرے گا۔ ترقیاتی سکیموں میں جہاں گلیوں اور شاہراہوں کا منصوبہ ہوگا وہاں سیورج سکیم بھی مکمل ہو گی۔ رافعہ حیدر نے بتایا کہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر سکیموں کے پی سی ون کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جائے گا۔ متعلقہ اداروں کی مدد سے یقینی بنایا جائے گا کہ کام بہترین، فنڈ کا شفاف استعمال ہو۔ سیوریج کی بحالی ، سڑکوں کی تعمیر، سٹریٹ لائٹ اور پیچ ورک لاہور بحالی پلان کا حصہ ہیں۔