50 کلو یوریا کھاد کی قیمت میں 634 روپے اضافہ‘ بیگ 4286 کا ہو گیا
کراچی (کامرس رپورٹر) یوریا کی قیمت میں 50کلو کے فی بیگ کی قیمت میں634روپے کا اضافہ کردیا گیا۔ فوجی فرٹیلائزر کمپنی (ایف ایف سی) نے یوریا کی قیمت میں 634 روپے کا اضافہ کر کے 4,286 روپے فی 50 کلوگرام بیگ کر دیا ہے۔ اس سے قبل یوریا 3,652 روپے فی بیگ میں فروخت کر رہا تھا۔ اس ضمن میں عارف حبیب لمٹیڈ کے ریسرچ سربراہ طاہر عباس کا کہنا ہے کہ ایف ایف سی نے ماڑی پیٹرولیم نیٹ ورک سے گیس حاصل کی۔ مارکیٹ کی قیاس آرائیوں سے پتہ چلتا ہے کہ حکومت ایف ایف سی کے لیے فیڈ گیس کی قیمت میں اضافہ کرنے پر غور کر رہی ہے۔ ایف ایف سی گیس کی قیمت میں اضافہ یوریا کی قیمت میں استحکام کا باعث بنے گا کیونکہ اس تفاوت نے مارکیٹ میں بگاڑ پیدا کیا۔ دوسری جانب، فوجی فرٹیلائزر بن قاسم لمیٹڈ (ایف ایف بی ایل) نے یوریا کی قیمت میں 783 روپے کی کمی کر کے 4,336 روپے فی بوری کر دی کیونکہ وہ کسانوں سے بلند شرح پر نئی خریداری کو راغب کرنے میں ناکام رہی۔