خیبر پی کے، بلوچستان میں بارش، سیلاب سے تباہی، بند ٹوٹ گئے، ہلاکتیں 26 ہو گئیں
پشاور؍ چارسدہ؍ مسقط؍ دبئی (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) خیبرپی کے کے ضلع چارسدہ کے مقام پر دریائے کابل میں اونچے درجے کا سیلابی پانی گندم کی فصل میں داخل ہوگیا جس سے کھڑی فصل کو شدید نقصان ہوا۔ جبکہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں گزشتہ رات سے ہونے والی طوفانی بارشوں سے حفاظتی بند ٹوٹ گئے۔ سیلاب کے باعث دریائے کابل کے کنارے مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شہریوں نے مال مویشی سمیت موٹروے پر ڈیرے ڈال دیے۔ دوسری جانب چاغی میں گزشتہ رات سے ہونے والی طوفانی بارشوں سے حفاظتی بند ٹوٹ گئے۔ حفاظتی بند ٹوٹنے سے بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔ شدید بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی بھی آگئی۔ کئی نشیبی علاقے زیر آب بھی آگئے۔ چاغی میں شدید بارشوں سے متعدد مکانات منہدم ہوگئے۔ مختلف تیار فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔ اس کے علاوہ بولان میں بارش کا سلسلہ تھمنے کے بعد پہاڑی سلسلے میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ مسلسل بارشوں کے بعد بولان ندی سے درمیانے درجے کا سیلابی ریلہ گزر رہا ہے۔ پنجرہ پل کے قریب قومی شاہراہ پر سیلابی پانی گزرنے سے ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بھاگ شہر کے قریب سیلابی پانی سے پل کا حصہ پانی کی نذر ہوگیا۔ زمینی رابطہ بھی منقطع ہونے کا خدشہ ہے۔ سیلابی ریلہ اس وقت جلال خان پل سے گزر رہا ہے۔ سیلاب سے سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں پانی سے تباہ ہوگئی ہیں۔ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 5 روز کے دوران خیبر پی کے میں بارشوں کے باعث اب تک 26 افراد جاں بحق جبکہ 38 زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں 9 بچے اور3 خواتین جبکہ زخمیوں 5 خواتین اور 4 بچے بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 95 مال مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور 344 مکانات کو نقصان پہنچا جن میں 58 گھروں کو مکمل جبکہ 286 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع خیبر، دیر اپر و لوئر، چترال لوئر، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مہمند، مالاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان، پشاور، چارسدہ، بونیر، ہنگو، بٹ گرام، بنوں، شمالی وزیرستان، کوہاٹ اور اورکزئی میں رونما ہوئے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ اضلاع سوات، پشاور، مہمند اور کوہستان لوئر کے متاثرین کے لیے امدادی سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔ ہر ضلع کو امدادی سامان میں 200 خیمے، 100 کچن سیٹ، 200 کمبل، 100 ہاجین کٹس، 100 چٹائیاں، 200 مچھر دانیاں، 200 میٹریسس، اور روزمرہ زندگی کی دیگر اشیاء شامل ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب بھر میں مزید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب علی عرفان کے مطابق صوبے بھر میں 18 تا 21 اپریل تیز بارش کے امکانات ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپی کے میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔ عمان میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی۔ مختلف حادثات میں 12 طلبہ سمیت 17 افراد جاں بحق ہو گئے۔ عمان میں گزشتہ دو روز سے جاری بارشوں سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ بارشوں سے کئی علاقوں کو سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑکوں پر گاڑیاں سیلابی ریلوں میں بہہ رہی ہیں، جبکہ ہزاروں لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ عرب امارات میں بھی منگل کو موسلادھار بارش ہوئی ہے جس کے باعث حکومتی اداروں نے ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔ گھروں، دکانوں، میٹرو سٹیشنز اور ائر پورٹ میں پانی داخل ہو گیا۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے والے ادارے نے رہائشیوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ طوفان کے باعث دبئی انٹرنیشنل ائر پورٹ پر آنے والی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔ پروازوں کا شیڈول عارضی طور پر تبدیل کیا گیا ہے۔ خراب موسم کے باعث رات گئے 17 پروازیں منسوخ ہوئیں۔