نوازشریف اور مریم نواز روٹی کی قیمت معلوم کرنے عوام میں پہنچ گئے
لاہور+مری (نوائے وقت رپورٹ+بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مری کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبے اور وارڈز دیکھے۔ مریم نواز شریف نے او پی ڈی میں مریضوں کی لمبی لائنیں دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا اور مریضوں سے بات چیت کی۔ وزیر اعلیٰ نے مریضوں کو انتظار کرانے اور ناکافی سہولتوں پر ایم ایس کی سرزنش کی اور تنبیہ کی کہ ہسپتال کے نظام کو درست کریں، مریض دربدر ہورہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے قطار میں کھڑی خواتین سے بات چیت کی اور مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ مریم نواز شریف نے مریض ماں کو دلاسہ دیا کہ گھبرائیں مت! انشاء اﷲ آپ کی بیٹی ٹھیک ہو جائے گی۔ مریم نواز شریف نے ننھے بچے سے اظہار شفقت کیا اور ڈاکٹر کو بہترین علاج کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے ایمرجنسی وارڈ میں داخل مریضوں کی فرداً فرداً عیادت کی اور صحت یابی کی دعائیں کیں۔ وزیر اعلی نے ایمرجنسی میں مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کی ہدایت بھی کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے گفتگو کی اور ہسپتال میں موجود سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ مریم نواز شریف نے مریضوں سے مفت ادویات کی فراہمی اور طبی ٹیسٹوں کے سہولیات کے بارے میں بھی پوچھا۔ مریم نواز شریف نے بزرگ مریضہ سے پوچھا کہ ادویات مل رہی ہیں، کوئی مسئلہ تو نہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال سے واپسی پر خواتین سکیورٹی گارڈ کے کہنے پر تصویر بنوائی اور اسے گلے لگایا۔ دوسری جانب نواز شریف روٹی کی قیمت معلوم کرنے خود عوام میں پہنچ گئے۔ قائد مسلم لیگ (ن) نے وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے ساتھ روٹی کی قیمتیں معلوم کیں۔ محمد نوازشریف نے اڈہ پلاٹ پر نان بائیوں سے ملاقات کی اور ان سے روٹی کی قیمت معلوم کی۔ وزیراعلی پنجاب مریم نے ریٹ لسٹ کا بھی معائنہ کیا۔ محمد نوازشریف اور وزیراعلی پنجاب کو خود میں دیکھ کر عوام نے خوشگوار حیرت کا اظہارکیا۔ نوازشریف اور مریم نوازشریف نے عوام سے ان کی رائے بھی معلوم کی۔ نوازشریف نے عوام سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ روٹی کی قیمت کا خود جائزہ لیتا رہوں گا۔ مریم نواز شریف نے پسرور میں کھیت سے تین سالہ بچی کی نعش برآمد ہونے کا نوٹس لے لیا۔ وزیر اعلیٰ نے غمزدہ والدین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور ڈی پی او سیالکوٹ سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ معصوم جنت فاطمہ کے قاتل کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔