اولیاء و مشائخ کی تعلیمات پر عمل ہی کامیابی کی کنجی ہے، خواجہ نورالزمان اویسی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جامع مسجد ٹھٹھہ لنگیانوالہ شرقپور شریف روڈ لاہور میں شیخ الحدیث والتفسیر علامہ محمد سعید احمد قادری کے سالانہ عرس مبارک کی روح پرور تقریب میں ملک بھر سے علماء ، مشائخ، قراء و نعت خوان حضرات نے شرکت کی۔ مذہبی سکالر پیرزادہ علی احمد صابر چشتی نے علمی و روحانی خطاب کیا۔ عشق مصطفیٰ کو زندگی و آخرت کا اصل راز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری معاشی، معاشرتی حتیٰ کہ طبی اور طبعی بیماریوں و مشکلات کا حل اسوہ حسنہ کی پیروی میں ہے۔ سیاسی، سماجی اور علمی و روحانی شخصیت پیر خواجہ نورالزمان اویسی المعروف حضرت چن پیر نے علماء و مشائخ کی تعلیمات کو عام کرنے اور ان پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔ آخر میں ملک و ملت اور فلسطین سمیت عالم اسلام کی آزادی و سلامتی کیلئے دعا کرائی۔ روح پرور تقریب میں آغا ناصر، چیئرمین ’چوکس پاکستان‘، سینئر صحافی خواجہ ریاض اویس اور محمد صابر چغتائی، انجینئر محمد احسن محمود و شاہد رضا اور ڈاکٹر گلریز رضا نے شرکت کی۔